اگر آئین کی بات کرنا بغاوت ہے تو یہ بغاوت روز ہوگی، شاہد خاقان عباسی


اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ اگر آئین کی بات کرنا بغاوت ہے تو یہ بغاوت ہر روز ہو گی۔

سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملکی سیاسی تاریخ میں ایک اور بدنما باب کا اضافہ ہو گیا۔ آج تہجد کے وقت ہمارے خلاف مقدمہ درج کیا گیا اور مقدمہ درج کرنے والے بدر رشید نامی شخص کا کوئی عہدہ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے خلاف قائم کردہ مقدمے میں سابق وزیر خزانہ، سابق گورنر اور 16 سے زائد سابقہ وزرا کو نامزد کیا گیا۔ جس میں ایس ایچ او تھانہ شاہدرہ نے بہترین انداز میں مقدمہ لکھا۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ جو گزشتہ ادوار میں حکمران رہے ہیں وہ آج غدار ہو گئے۔ اگر آئین کی بات کرنا بغاوت ہے تو ہر روز یہ بغاوت ہو گی۔ اگر بے روزگاری، معیشت اور سی پیک کی بندش پر بات کرنا بغاوت ہے تو یہ بغاوت ہرروز ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی مقابلہ کرنا ہے تو سیاسی میدان میں آوَ، مسئلہ ابھی شروع ہی نہیں ہوا کہ بغاوت بغاوت کہنا شروع ہو گئے۔ حکومتوں کی پہچان کارکردگی سے ہوتی ہے انہوں نے کیا کیا ہے ؟

یہ بھی پڑھیں: شادی ہالز، ریسٹورنٹس کورونا کے پھیلاؤ کے بڑے مرکز بن رہے ہیں، اسد عمر

ن لیگی رہنما نے کہا کہ ہمت ہے تو ہتھکڑی لگاؤ لیکن یہ ہتھکنڈے نہیں چلیں گے، جب کچھ نہیں رہ جائے تو پھر بغاوت کا الزام لگایا جاتا ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عثمان بزدارمعصوم آدمی ہیں آپ اس معاملےمیں نہ پڑیں کہیں کل آپ کونقصان نہ ہو جائے۔


متعلقہ خبریں