کورونا کیسز: خیبر میڈیکل کالج پشاور 2 ہفتوں کیلئے بند


پشاور: خیبرمیڈیکل کالج پشاور میں عالمی وبا کورونا وائرس کے کیسز سامنے آنے کے بعد کالج کو 2 ہفتوں کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق کالج انتظامیہ کا کہنا ہے کہ محکمہ صحت کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے کالج بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ چند روز قبل خیبر میڈیکل کالج پشاور کے گرلز ہاسٹل میں 4 طالبات میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد ہاسٹل بند کردیا گیا تھا۔

ترجمان کے مطابق میڈیکل کالج کی طالبات کو قرنطینہ کردیا گیا ہے جب کہ گرلز ہاسٹل کو 2 ہفتوں کے لیے بند کردیا گیا۔

کے ٹی ایچ ترجمان نے مزید کہا کہ ہاسٹل میں رہائش پذیر تمام طالب علموں کا اسکریننگ ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد  کے تعلیمی اداروں میں بھی کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے۔

گزشتہ روز اسلام آباد کالج فار بوائز جی سکس تھری میں کورونا کے مثبت کیسز سامنے آئے تھے، مذکورہ کالج میں 3 اساتذہ  کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر ریسٹورنٹس، بیکریاں، شادی ہالز سیل

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ضعیم ضیا نے تعلیمی ادارے کو سیل کرنے کا مراسلہ جاری کیا تھا۔

اس ضمن میں ان کا کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں میں رینڈم ٹیسٹنگ کے دوران کیسز سامنے آئے، دو سے زائد کیسز پر کسی بھی  تعلیمی ادارے کو سیل کردیا جائے گا۔

پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کا خدشہ

واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے اپنی ٹوئٹ میں پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر پھیلنے کا خدشہ ظاہر کیا تھا۔

وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ دوسرے ممالک کی نسبت اللہ کے کرم سے پاکستان میں کورونا کم پھیلا لیکن سردیوں میں کورونا کی دوسری لہر آسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوامی مقامات پر ہرکوئی ماسک پہنے ۔ تمام دفاتر اور تعلیمی اداروں میں ماسک کا استعمال یقینی بنایا جائے۔


متعلقہ خبریں