امریکی صدارتی انتخاب: جوبائیڈن کو صدر ٹرمپ پر برتری حاصل


واشنگٹن: امریکہ کے صدارتی انتخابات سے پہلے ہونے والے پولز سروے کے مطابق ڈیموکریٹک امیدوار جو بائیڈن کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر برتری حاصل ہے۔

سروے پولز کے مطابق ڈیموکریٹک امیدوار جوبائیڈن کو ری پبلکن پارٹی سے تعلق رکھنے والے صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر 14 پوائنٹس کی برتری حاصل ہے۔

یہ سروے پول چند دن پہلے ہونے والے صدارتی مباحثہ کے بعد کیے گئے، جس کے مطابق جو بائیڈن کو 53 فیصد ووٹرز جبکہ صدر ٹرمپ کو 39 فیصد ووٹرز کی حمایت حاصل ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے الزام عائد کیا ہے کہ چین امریکی انتخابات پر اثر انداز ہونے کی کوشش کر رہا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ چین نے کھل کر کہا ہے کہ وہ ہمارے انتخابات پر اثرانداز ہونے کی کوشش کر رہا ہے اور وہ انتخابات کو تبدیل کرنے کے لیے کسانوں، زرعی رقبوں کے مالکان اور صنعتی مزدوروں کو نشانہ بنا رہا ہے کیونکہ وہ میرے ساتھ وفادار ہیں۔

مزید پڑھیں: ٹرمپ کے پرسنل اٹنڈینٹ کاکورونا ٹیسٹ مثبت آگیا

انہوں نے کہا کہ چین یہ بات نہیں سمجھ پا رہا کہ یہ بہت محب الوطن لوگ ہیں اور یہ بات پوری طرح سمجھتے ہیں کہ چین کئی برسوں سے امریکہ سے تجارتی فوائد حاصل کر رہا ہے۔

اس سے قبل کورونا وائرس کا شکار امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ حامیوں کا شکریہ ادا کرنے کے لیے اسپتال سے باہر آ گئے تھے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے گاڑی کے اندر سے ہاتھ ہلا کر حامیوں کا شکریہ ادا کیا، بعد ازاں امریکی صدر واپس ملٹری اسپتال چلے گئے۔

قبل ازیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک اور ویڈیو بیان جاری کیا تھا جس میں انہوں نے ایک بار پھر ڈاکٹروں، نرسوں اور سکیورٹی حکام کا شکریہ ادا کیا تھا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے پیغام میں کہا تھا کہ انہوں نے کورونا کے بارے میں بہت کچھ سیکھا ہے، کورونا سے متعلق اس طرح سیکھا جیسے اسکول میں سیکھتے ہیں۔

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طبیعت میں مسلسل بہتری آرہی ہے جس کے بعد اس بات کا امکان ہے کہ پیر تک انہیں اسپتال سے فارغ کردیا جائے گا۔ صدر ٹرمپ کو کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آنے کے بعد اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔


متعلقہ خبریں