پی ڈی ایم کے جلسے کی تاریخ ایک مرتبہ پھر تبدیل


اسلام آباد: پی ڈی ایم نے اپنے پہلے جلسے کی تاریخ ایک مرتبہ پھر تبدیل کردی ہے۔ پی ڈی ایم سے جلسے کی تاریخ تبدیل کرنے کی درخواست پی پی نے کی تھی۔

اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم میں جلسے کی تاریخ پر اختلافات

ہم نیوز کے مطابق پی ڈی ایم کی اسٹیئرنگ کمیٹی نے پاکستان پیپلزپارٹی کی درخواست مان لی ہے۔ پی ڈی ایم کا پہلا جلسہ اب 16 اکتوبر کو گوجرانوالہ میں ہو گا۔

ذمہ دار ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا ہے کہ پی پی نے پی ڈی ایم کی قیادت سے کہا تھا کہ وہ 18 اکتوبرکو ہرسال سانحہ کارسازکے حوالے سے جلسہ منعقد کرتے ہیں۔

پی پی کا مؤقف تھا کہ امسال بھی سابقہ سالوں کی طرح 18 اکتوبر کو جلسہ ہو گا لہذا پارٹی قیادت کے لیے ممکن نہیں ہے کہ وہ کوئٹہ میں منعقد ہونے والے جلسے میں شرکت کر سکے۔

مولانا فضل الرحمان پی ڈی ایم کے سربراہ مقرر 

ہم نیوز کے مطابق پی پی کی جانب سے کی جانے والی درخواست پر پی ڈی ایم کے اجلاس میں مشاورت کی گئی اور اس کے بعد نئی تاریخ اور مقام کا تعین کیا گیا۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سیکریٹری جنرل احسن اقبال نے پی ڈی ایم کے اجلاس کے بعد ذرائع ابلاغ کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ 16 اکتوبر کو گوجرانوالہ میں جلسہ ہو گا جب کہ 18 اکتوبر کو کراچی میں جلسہ ہو گا۔

احسن اقبال کے مطابق کوئٹہ میں 25 اکتوبر کو جلسہ منعقد کیا جائے گا جب کہ 30 نومبر کو ملتان اور 13 دسمبر کو لاہور میں جلسے کا انعقاد کیا جائے گا۔

پی ڈی ایم حکومتی مظالم کیخلاف خاموش نہیں رہے گی، رانا ثنا اللہ

ہم نیوز کے مطابق پی ڈیم ایم کی اسٹیئرنگ کمیٹی میں کیے جانے والے فیصلے کے تحت سابق وزیراعظم اور پی پی کے مرکزی رہنما راجہ پرویز اشرف کو سینئر نائب صدر مقرر کیا گیا ہے  جب کہ سابق وزیراعظم اور پی ایم ایل (ن) کے مرکزی رہنما شاہد خاقان عباسی کو پی ڈی ایم کے سیکریٹری جنرل کی ذمہ داریاں تفویض کی گئی ہیں۔


متعلقہ خبریں