چیئرمین نیب کا شہباز شریف کو زمین پر کھانا دینے سے متعلق خبروں کا نوٹس


اسلام آباد: چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے پاکستان مسلم لیگ نواز کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کو حراست کے دوران زمین پر کھانا دینے سے متعلق خبروں کا نوٹس لیا ہے.

ترجمان کے مطابق چیئرمین نیب نے تحقیقات کر کے حقیقت واضح کرنے کی ہدایت کی ہے۔ چیئرمین نیب پہلے بھی تمام ملزمان کی عزت نفس کا خیال رکھنے کی ہدایت کرچکے ہیں۔

خیال رہے کہ آج احتساب عدالت میں منی لانڈرنگ ریفرنس میں پیشی کے موقع پر شہباز شریف نے نیب پرغیر انسانی سلوک کرنے کا الزام لگایا تھا۔

شہباز شریف نے احتساب عدالت کے جج کو بتایا تھا کہ نیب اہلکار کمر میں تکلیف کے باعث پہلے کھانا میز پر لیکن اب زمین پر رکھ دیتے ہیں، جان بوجھ کر ایسا کیا جاتا ہے تاکہ انہیں جھکنا پڑے، شکایت ڈی جی نیب کو بھجوائی ہے انہیں کچھ ہوا تو ایف آئی آر وزیراعظم عمران خان اور مشیر داخلہ شہزاد اکبر کے خلاف درج کراوں گے۔

اس سے قبل احتساب عدالت کے ایڈمن جج جواد الحسن نے منی لانڈرنگ ریفرنس پر سماعت کی، عدالتی حکم پر نیب حکام نے شہباز شریف اور جیل حکام نے حمزہ شہباز سمیت دیگرملزمان عدالت میں پیش کیے۔

مزید پڑھیں: حمزہ شہباز کا کورونا ٹیسٹ منفی آ گیا

 شہباز شریف کی صاحبزادی رابعہ عمران کے وکیل نے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری نہ کرنے کی  استدعا کی اور موقف اختیار کیا کہ رابعہ عمران ٹرائل میں پیش ہو جائیں گی، جس پر عدالت نے ریمارکس دیے کہ پیش ہونے پر وارنٹ گرفتاری منسوخ کر دیے جائیں گے

دوران سماعت اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے عدالت کے روبرو موقف اختیار کیا کہ صحت کو نقصان پہنچانے  کی کوشیش کی کی جا رہی۔ نیب گرے ہوئے حربے استعمال کرتاہے۔ کھانا  زمین پر رکھ کر دیا جاتا ہے. نماز پڑھنے کے لیے کرسی کو قبلہ رخ کرنے کو کہا  تو انکار کر دیا، مجھے جواب دیا جاتا ہے کہ آڈر نہیں ہے۔

جج جواد الحسن نے قرار دیا کہ آڈر صرف عدالت کا چلے گا، شہباز شریف تین بار وزیر اعلیٰ رہ چکے ہیں، یہ کیا طریقہ ہے کہ کھانا زمین پر رکھ کر دیا جائے، آئندہ ایسی شکایت نہیں آنی چاہیے۔

حمزہ شہباز بھی کرونا سے صحتیاب ہونے کے بعد عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے  شہباز شریف کے داماد ہارون یوسف کو اشتہاری قرار دینے کے لیے کمرہ عدالت کے باہر نوٹس آویزاں کر دیا۔

 احتساب عدالت نے منی لانڈرنگ کیس کی سماعت 13 اکتوبر تک ملتوی کردی۔


متعلقہ خبریں