لاہور میں ڈانس اکیڈمیز پھر سے آباد ہو گئیں

لاہور میں ڈانس اکیڈمیز پھر سے آباد ہو گئیں

لاہور: کورونا وائرس کا پھیلاؤ کم ہونے کے بعد لاہور میں ڈانس اکیڈمیز پھر سے آباد ہو گئیں۔

لاہور میں شادیوں کا موسم آتے ہی نوجوانوں نے ڈانس اکیڈمیز کا رخ کرنا شروع کر دیا جہاں وہ موسیقی کی دھنوں پر رقص کے نت نئے اسٹیپ کرنے میں مصروف ہیں۔

لاہوریوں کی شادیوں کو چار چاند لگانے کے لیے نوجوان فنکار رقص سیکھنے کے لیے دن رات ایک کیے ہوئے ہیں۔

لاک ڈاؤن کے بعد ڈانس سکھانے والے ادارے کھلنے پر ڈانس پرفارمرز خوش ہیں اور کہتے ہیں کہ سیزن کے دوران شادی بیاہ کی تقاریب میں اپنے ڈانس سے خوب رنگ جمائیں گے۔

ان کا کہنا ہے کہ اکیڈمیز کھلنے کے بعد ہمیں بہت اچھا لگ رہا ہے کورونا وائرس کے بعد اب اکیڈمی آئے ہیں تاہم تقریبات کے لیے ہم مکمل طور پر تیار ہیں۔

کوریوگرافرز کے مطابق پاکستانی گانوں پر رقص پہلی ترجیح ہے جبکہ بھنگڑے سے بھرپور شادیاں لاہور کی دلکش روایت کا حصہ ہے۔

ڈانس کوریو گرافر لائبہ علی کا کہنا ہے کہ نوجوان اکیڈمی میں تربیت کے لیے آ رہے ہیں اور شادیوں کے مواقع پر خوب رونق لگائیں گے۔

شادیوں پر کوریوگرافرز سمیت ڈانسرز گروپ کو ہائر کرنے کا رواج زور پکڑ رہا ہے اور لاہور کے نوجوان فنکار پرعزم ہیں کہ آنے والے دنوں میں جہاں شادیوں کی شہنائیاں بجیں گی وہاں عمدہ رقص تقریب کو چار چاند لگا دے گا۔


متعلقہ خبریں