سیاسی شخصیات کیخلاف غداری کا مقدمہ درج نہیں ہونا چاہیے، وفاقی وزیر


اسلام آباد: متحدہ قومی مومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما اور وفاقی وزیر امین الحق نے کہا ہے کہ کسی بھی سیاسی رہنما یا رکن کے خلاف غداری کا مقدمہ درج نہیں ہونا چاہیے۔

ایم کیو ایم کے رہنما امین الحق کا کہنا تھا کہ ہم نئے صوبے کی بنیاد لسانیت پر نہیں رکھنا چاہتے۔

ہم نیوز کے مارننگ شو ’صبح سے آگے‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سندھ کے شہری کو وہ حقوق حاصل ہونے چاہئیں جو کراچی یا حیدر آباد کو حاصل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: ایس او پیز کی خلاف ورزی، گیارہ ریسٹورنٹس اور تین شادی ہال سیل

امین الحق کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے صحت، ٹرانسپورٹ اور تمام شعبوں کو نقصان  پہنچایا، وسائل کی فراہمی ایم کیو ایم کے منشور کا حصہ ہے۔

میزبان اویس منگل والا اور شفا یوسفزئی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم)   شہریوں کو ان کے بنیادی حقوق دلوانے کی حمایت کرتی ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ جعلی ڈومیسائل کے نام پر ملازمتوں میں ناانصافی کی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم ریلی نکال رہے ہیں، اس میں میں کورونا  ایس او پیز کا مکمل خیال رکھا جائے گا۔

قبل ازیں وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امین الحق نے کہا تھا کہ ایڈمنسٹریٹر کراچی کی تعیناتی کے حوالے سے ایم کیو ایم کو اعتماد میں نہیں لیا گیا۔

مزید پڑھیں: کراچی کے مسائل کا حل باہمی اشتراک سے ممکن ہے، وزیر اعظم عمران خان

ایم کیو ایم رہنما فیصل سبزواری  نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ بحیثیت اتحادی وزیراعظم کو انتخابات کے بعد کیے گئے وعدے یاد دلائے۔ کراچی میں اربوں کی سرمایہ کاری کھربوں میں بدل کر واپس پاکستان کو ملے گی۔

ایم کیو ایم کے وفد نے خالد مقبول صدیقی کی قیادت  میں وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کے بعد یہ بات کہی۔ وفد میں وفاقی وزیر امین الحق اور سینئر رہنما فیصل سبزواری بھی شامل تھے۔


متعلقہ خبریں