نواز شریف پرمقدمے کا مدعی کرمنل ریکارڈ یافتہ نکلا

نواز شریف پر بغاوت کے مقدمے کا مدعی کرمنل ریکارڈ یافتہ نکلا

فائل فوٹو


لاہور: نواز شریف پر بغاوت کا مقدمہ درج کرانے والا مدعی بدر رشید خود کرمنل ریکارڈ یافتہ ہے۔

مدعی بدر رشید پر اقدام قتل، ناجائز اسلحہ اور کار سرکار میں مداخلت کے مقدمات درج ہوئے۔ پولیس کے مطابق اقدام قتل کے مقدمات تھانہ شاہدرہ لاہورمیں درج ہوئے۔

بدررشید کےخلاف ناجائز اسلحے کا مقدمہ تھانہ شرقپور میں درج ہوا۔ کار سرکار میں مداخلت اور پولیس سے دست درازی کا مقدمہ پرانی انارکلی میں درج ہے۔

پولیس کے مطابق مدعی بدررشید پی ٹی آئی کی جانب سے یوسی چیئرمین کا الیکشن بھی لڑچکا ہے اور کچھ مقدمات میں گرفتاربھی ہوا۔

مسلم لیگ ن کی رہنما عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ نوازشریف پر غداری کا مقدمہ درج کرانے والے بدر رشید پی ٹی آئی کے سرگرم کارکن ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: نوازشریف پر غداری کا مقدمہ درج کرانے والا پی ٹی آئی کا کارکن ہے،عظمیٰ بخاری

ن لیگی رہنما نے کہا کہ وفاقی حکومت نے گورنر پنجاب کو کہہ کر ایف آئی آر درج کروائی۔

دوسری جانب گورنر ہاؤس پنجاب نے (ن) لیگ قائدین کے خلاف مقدمہ کے مدعی سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے۔ترجمان گورنر ہاؤس نے اپنے بیان میں کہا کہ بغاوت کے مقدمہ کے مدعی کا گورنر پنجاب سے کسی قسم کا کوئی تعلق نہیں۔ پنجاب بھر سے ہزاروں افراد گورنر پنجاب سے ملاقات کرتے ہیں۔ ملاقات کے لیے آنے والوں کا تصاویر بنانا معمول کی بات ہے۔


متعلقہ خبریں