وفاقی کابینہ اجلاس: چینی کی قیمتیں بڑھانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں چینی کی قیمتیں بڑھانے والوں کے خلاف کریک ڈاوَن کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ چینی مہنگی کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاوَن فعال انداز میں ہوگا اور ذخیرہ اندوزوں پر ہاتھ ڈالا جائے گا۔

وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں مہنگائی کی شرح، پاکستان ریلوے اور قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کی بحالی سمیت اہم قومی معاملات پر غور کیا گیا۔ کابینہ اجلاس میں مہنگائی میں کمی کیلئے حکومتی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

مزید پڑھیں: لاہور میں آٹا اور چینی غائب، شہری دکانوں کے چکر لگانے پر مجبور

اجلاس کو بتایا گیا کہ حکومت اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں کمی کیلئے اقدامات اٹھا رہی ہے ۔ گندم کی درآمد سے آٹے کی قیمتوں میں مصنوعی اضافہ ختم ہوگا۔ گندم کی پہلی کھیپ پہنچ چکی جبکہ باقی جلد پہنچ جائیگی۔

پاکستان ریلوے کے ملازمین کی پنشن کا معاملہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پیش کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ کراچی سرکلر ریلوے کی مکمل بحالی تین مراحل میں ہوگی۔ سپریم کورٹ نے کراچی سرکلر ریلوے کی جلد بحالی کی ہدایت دی ہے۔

پی آئی اے کے سالانہ منافع اور نقصان کی رپورٹ وفاقی کابینہ میں پیش کی گئی۔ کابینہ ارکان نے ڈاکٹروقار مسعود کی معاون خصوصی ریونیو تقرری کا خیر مقدم کیا۔

 


متعلقہ خبریں