پی ڈی ایم کٹھ پتلی سرکار کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگی، بلاول


کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ (پی ڈی ایم) عوام دشمن کٹھ پتلی سرکار کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگی.

کراچی میں پی ڈی ایم کےتحت کراچی میں 18 اکتوبر کو ہونے والے پروگرام کی تیاریوں کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول نے کہا کہ اپوزیشن انتاحاد پاکستان میں عمران خان کے ظلم کے راج کا خاتمہ کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی آل پارٹیز کانفرنس سے ملک میں ایک نئی عوامی مزاحمتی تحریک کی ابتدا ہوئی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز پی ڈی ایم نے اپنے پہلے جلسے کی تاریخ تبدیل کردی تھی ۔ پی ڈی ایم سے جلسے کی تاریخ تبدیل کرنے کی درخواست پی پی نے کی تھی۔

مزید پڑھیں: اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم میں جلسے کی تاریخ پر اختلافات

ہم نیوز کے مطابق پی ڈی ایم کی اسٹیئرنگ کمیٹی نے پاکستان پیپلزپارٹی کی درخواست پر پہلا جلسہ 16 اکتوبر کو گوجرانوالہ میں کرنے کی حامی بھر لی ہے۔

ہم نیوز  کے مطابق پی پی نے پی ڈی ایم کی قیادت سے کہا تھا کہ وہ 18 اکتوبر کو ہر سال سانحہ کارساز کے حوالے سے جلسہ منعقد کرتے ہیں۔

پی پی کا مؤقف تھا کہ امسال بھی سابقہ سالوں کی طرح 18 اکتوبر کو جلسہ ہو گا لہذا پارٹی قیادت کے لیے ممکن نہیں ہے کہ وہ کوئٹہ میں منعقد ہونے والے جلسے میں شرکت کر سکے۔

ہم نیوز کے مطابق پی پی کی جانب سے کی جانے والی درخواست پر پی ڈی ایم کے اجلاس میں مشاورت کی گئی اور اس کے بعد نئی تاریخ اور مقام کا تعین کیا گیا۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سیکریٹری جنرل احسن اقبال نے پی ڈی ایم کے اجلاس کے بعد ذرائع ابلاغ کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ 16 اکتوبر کو گوجرانوالہ میں جلسہ ہو گا جب کہ 18 اکتوبر کو کراچی میں جلسہ ہو گا۔

احسن اقبال کے مطابق کوئٹہ میں 25 اکتوبر کو جلسہ منعقد کیا جائے گا جب کہ 30 نومبر کو ملتان اور 13 دسمبر کو لاہور میں جلسے کا انعقاد کیا جائے گا۔

ہم نیوز کے مطابق پی ڈیم ایم کی اسٹیئرنگ کمیٹی میں کیے جانے والے فیصلے کے تحت سابق وزیراعظم اور پی پی کے مرکزی رہنما راجہ پرویز اشرف کو سینئر نائب صدر مقرر کیا گیا ہے  جب کہ سابق وزیراعظم اور پی ایم ایل (ن) کے مرکزی رہنما شاہد خاقان عباسی کو پی ڈی ایم کے سیکریٹری جنرل کی ذمہ داریاں تفویض کی گئی ہیں۔


متعلقہ خبریں