سرکاری ملازمین تنخواہوں اور الاؤنسز میں اضافے کے حق میں سڑکوں پر نکل آئے


اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ہزاروں کی تعداد میں سرکاری ملازمین تنخواہوں اور الاؤنسز میں اضافے کے حق میں سڑکوں پرنکل آئے۔

ہم نیوز کے مطابق فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس کے تحت ریلی کےشرکاء نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے سامنے جمع ہوئے۔

مظاہرین نے گریڈ ایک تا 22 کے ملازمین کی تنخواہوں اور الاونسز میں تفریق ختم کرنے کے مطالبے کے حق میں نعرے بازی کی۔

اسلام آباد کی انتظامیہ اور پولیس نے ڈی چوک اورشاہراہ دستور کے راستے پر رکاوٹیں کھڑی کردی گئیں ،تاہم مظاہرین ساری رکاوٹیں عبور کرتے ہوئے پارلیمنٹ کے سامنے پہنچے کیبنٹ بلاک میں داخلے کے موقع پر واٹرکینن کا استعمال بھی کیا گیا۔

مظاہرین سے اظہار یکجہتی کیلئے پیپلز پارٹی کے رہنما فرحت اللہ بابر، فیصل کریم کنڈی، خواجہ آصف اور عثمان کاکٹر بھی پہنچے۔

کراچی: پورٹ قاسم ملازمین کا تنخواہیں نہ ملنے پر احتجاج

مظاہرین سے خطاب میں خواجہ آصف نے کہا کہ یہ حکومت ملک کو تباہی کی طرف لے جارہی ہے ،پاکستان کی اس ظالم حکومت سے جب تک نجات نہیں ملتی جدوجہد جاری رہے گی۔

فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ آپ کے تمام مطالبات پورے کیے جائیں۔

مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ اس عظیم و الشان احتجاجی ریلی پر سرکار نے خطرہ سمجھ کر پابندی لگا دی ہے ۔

انہوں نے کہا 50 لاکھ غریبوں کو مکان دیں گے کیا کسی کو ملا؟ جن حکمرانوں کے خلاف احتجاج کیا ہے انہوں نے اقتدار میں آنے سے پہلے ایک کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ کیا تھا۔


متعلقہ خبریں