ایڈمرل امجد خان نیازی نے پاک بحریہ کی کمان سنبھال لی

محمد امجد خان نیازی پاک بحریہ کے22ویں سربراہ ہیں



اسلام آباد: ظفرمحمود عباسی اپنے عہدے سے سبکدوش ہوگئے ہیں اور ان کی جگہ ایڈمرل امجد خان نیازی نے پاک بحریہ کی کمان سنبھال لی ہے۔

چینج آف کمانڈ کی تقریب اسلام آباد نیول ہیڈ کوارٹر میں ہوئی۔ ظفر محمود عباسی نے اپنے الوداعی خطاب میں محمد امجد نیازی کو سربراہ پاک بحریہ بننے پر مبارکباد دی۔

محمد امجد خان نیازی پاک بحریہ کے22ویں سربراہ ہیں۔ انہوں نے 1985 میں پاک بحریہ کی آپریشنز برانچ میں کمیشن حاصل کیا تھا۔

انہوں نے کمیشننگ پر پاکستان نیول اکیڈمی سے اعزازی شمشیر حاصل کی اور وہ متعدد کمانڈ اور اسٹاف عہدوں پر کام کرنے کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔

پاک بحریہ کے نئے سربراہ کمانڈانٹ پاکستان نیوی وار کالج لاہور میں فرائض سر انجام دے چکے ہیں اور اس وقت چیف آف اسٹاف (آپر یشنز) کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: پاک بحریہ کے چار ریئر ایڈمرلزکی وائس ایڈمرل کے عہدے پر ترقی

وہ آرمی کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ، نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد اور بیجنگ یونیورسٹی چائنہ کے گریجویٹ ہیں۔

گزشتہ سال پاکستان بحریہ کے چار رئیر ایڈمرلز کو وائس ایڈمرل کے عہدے پر ترقی دے دی گئی تھی، جن میں محمد امجد خان نیازی بھی شامل تھے۔

دیگر ترقی پانے والے والوں میں وائس ایڈمرل اطہر مختار، وائس ایڈمرل محمد فیاض جیلانی اور وائس ایڈمرل آصف خالق شامل تھے۔

چینج آف کمانڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا کہ ہمیں سیکیورٹی سمیت دیگر چیلنجز کاسامنا ہے۔

ہم نے 3سال میں خطے میں بے شمار چیلنجز کا سامنا کیا اور ہم نیوی کو مزید بہتر بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نےپاک بحریہ کی پیشہ ورانہ صلاحیت پر خصوصی توجہ دی۔ پی این ایس ہیبت2020 کےآخرمیں بحریہ کاحصہ ہوگا۔

چار چینی فریگیٹ آئندہ 2برس میں پاک بحریہ میں شامل ہوں گے۔ پاک بحریہ نے 2018میں مختلف پیشہ وارانہ مشقوں میں حصہ لیا۔

انہوں نے کہا کہ پاک نیوی نےریسرچ کے شعبے میں بھی اہم اقدامات کیے۔ پی این ایس یرموک پاکستان نیوی کا حصہ بن گیا ہے۔ ہم نے ٹریننگ سینٹرکو کراچی سےگوادرمنتقل کردیا ہے۔


متعلقہ خبریں