پنجاب میں کورونا مریضوں اور اموات کی شرح میں اضافے کا انکشاف

'پنجاب میں کورونا مریضوں، اموات کی شرح میں اضافہ ہورہا ہے'

لاہور: آبادی کے لحاظ سے پاکستان کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں چند روز سے کورونا مریضوں اور اموات کی شرح میں اضافے کا انکشاف ہوا ہے۔

وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے انسداد کورونا اجلاس کو سیکرٹری پرائمری ہیلتھ نے بریفنگ میں بتایا کہ چند روز سے کورونا مریضوں اور اموات کی شرح بڑھ رہی ہے۔

سیکرٹری پرائمری ہیلتھ کے مطابق گوجرانوالہ، ننکانہ صاحب اور گجرات کورونا کے لحاظ سے ہائی رسک اضلاع ہیں۔

اجلاس کے دوران کمیٹی نے حفاظتی اقدامات سخت کرنے پر زور دیا اور یہ بھی کہا کہ لوگوں نے احتیاط نہ کی تو ہائی رسک علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن دوبارہ لگانے پر غور کیا جا سکتا ہے۔

راجہ بشارت کا کہنا تھا کہ شادی ہالز میں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد نظر نہیں آ رہا ہے۔ محکمہ صحت اجتماعات بارے نئے ایس او پیز بنائے اور انتظامیہ ان پر مکمل عملدرآمد کرائے۔

وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ پنجاب میں سابقہ لہر سندھ اور کراچی کے بعد آئی تھی اس لیے اب زیادہ احتیاط کی ضرورت ہے۔

دوسری جانب وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی یونیورسٹی میں کورونا کے چار کیسز سامنے آنے پر ایک ڈیپارٹمنٹ اور ہاسٹل کو سیل کر دیا گیا ہے۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے یونیورسٹی کے ایک ڈیپارٹمنٹ اور ہاسٹل کو سیل کرنے کا مراسلہ جاری کر دیا ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستان میں کورونا وائرس سےمزید12 اموات

اس کے علاوہ اسلام آباد کے سیکٹر ایف سکس میں گرلز کالج اور آئی ایٹ میں پرائیویٹ اسکول کو بھی سیل کر دیا گیا ہے۔

گزشتہ روز اسلام آباد کالج فار گرلز ایف سکس ٹو میں کورونا کے تین کیس رپورٹ ہوئے تھے جبکہ آئی ایٹ فور میں قائم نجی اسکول میں کورونا کے تین کیس سامنے آئے تھے۔

خیال رہے کہ آج خیبر پختونخوا کے ضلع صوابی کے گجو خان میڈیکل کالج کو بھی عالمی وبا کورونا وائرس کے کیسز سامنے آنے کے بعد بند کردیا گیا ہے۔

مراسلے کے مطابق گجو خان میڈیکل کالج میں ایم بی بی ایس کے پانچ طلباء کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آ یا ہے جس کے بعد کالج کے ہاسٹلز کو اکتیس اکتوبر تک بند کر دیا گیا ہے جب کہ تمام مڈٹرم امتحانات بھی ملتوی کر دئیے گئے ہیں۔

نوٹیفیکشن میں کہا گیا ہے کہ تمام طلباء کے کورسز مکمل ہو چکے ہیں اب امتحانات کی تیاری کریں تمام سٹاف معمول کے مطابق اپنی اپنی ڈیوٹیاں سر انجام دیں گے۔

فرسٹ اور سیکنڈ ایئر کے طلباء کے لئے ہاسٹل یکم نومبر سے جبکہ تھرڈ اور فورتھ ایئر ٹرم کے امتحانات کے لئے ہاسٹل یکم دسمبر سے کھلیں گے۔جن طلبا کے کیسز مثبت آئے ہیں وہ قرنطینہ میں رہنے سے متعلق تحریری بیان حلفی جمع کرائیں گے۔

یاد رہے کہ دو روز قبل خیبرمیڈیکل کالج پشاور میں عالمی وبا کورونا وائرس کے کیسز سامنے آنے کے بعد کالج کو 2 ہفتوں کے لیے بند کر دیا گیا تھا۔


متعلقہ خبریں