شاہ محمود قریشی کا متحدہ عرب امارات کے ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ

فلسطین کی صورتحال: شاہ محمود کے سعودی اور فلسطینی وزرائے خارجہ سے رابطے

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان  سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔

ٹیلی فونک گفتگو کے دوران دونوں وزرائے خارجہ نے خطے کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال اور اقتصادی و تجارتی شعبوں میں تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا۔

یہ بھی پڑھیں: شاہ محمود قریشی کا سعودی ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ

یو اے ای اور پاکستان کے وزرائے خارجہ نے خطے میں امن و استحکام، کورونا وائرس کے معاشی مضمرات سے نمٹنے کے لیے مشاورت جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔

شاہ محمود قریشی کا گفتگو کے دوران کہنا تھا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات  کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات ہیں۔ متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی وہاں کی ترقی میں کردار ادا کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہر مشکل گھڑی میں عرب امارات اور پاکستان نے ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے متحدہ عرب امارات میں کورونا وائرس کے دوران پاکستانی کمیونٹی کا خیال رکھنے پر شیخ عبداللہ بن زاید النہیان کا شکریہ بھی ادا کیا۔

قبل ازیں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان سے ٹیلی فونک پر رابطہ کرکے دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امورپر تبادلہ خیال کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دو طرفہ تعلقات گہرے اور تاریخی نوعیت کے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سعودی فرمانروا اور روسی صدر کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ

ترجمان کے مطابق شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اہم علاقائی اورعالمی امورپردونوں ممالک کےموقف میں پائی جانے والی مماثلت خوش آئند ہے۔ دونوں ممالک نے ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کی دل کھول کر معاونت کی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیرخارجہ نے حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی تنصیبات پر ہونے والے حملوں کی مذمت کی اور کہا کہ حرمین شریفین کا تقدس ہمارے ایمان کاحصہ ہے۔ سعودی عرب کی سالمیت کے تحفظ کے لیے ہم ساتھ کھڑے ہیں۔

ترجمان کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے اہم علاقائی وعالمی امور پر مشاورتی سلسلے کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔


متعلقہ خبریں