غیر قانونی طور پر یورپ جانے والے 4 پاکستانی ترکی کے بارڈر پر حادثے کا شکار

غیر قانونی طور پر یورپ جانے والے 4 پاکستانی ترکی کے بارڈر پر حادثے کا شکار

فوٹو/فائل


حافظ آباد: پنجاب کے ضلع حافظ آباد کی تحصیل پنڈی بھٹیاں سے تعلق رکھنے والے  چار نوجوان غیر قانونی طور پر ایران کے راستے یورپ جاتے ہوئے ترکی کے بارڈر پر حادثے کا شکار ہوگئے۔

ہم نیوز کے مطابق پنڈی بھٹیاں کے نواحی گاؤں ٹھٹہ لنگر سے تعلق رکھنے والے چاروں نوجوان بہترین مستقبل کی تلاش میں غیرقانونی طور پر یونان جا رہے تھے کہ ایران ترکی بارڈر پر حادثے میں جاں بحق ہوگئے۔

جاں بحق چاروں نوجوانوں میں سے دو کی نعشوں کو واپس پاکستان لایا گیا ہے جبکہ دو کی تلاش جاری ہے۔ لواحقین کا کہنا ہے کہ چاروں نوجوان ایجنٹ کی غفلت کے باعث جاں بحق ہوئے ہیں۔

خیال رہے کہ اگست میں ترکی نے غیر قانونی طور پر مقیم 30 پاکستانی شہریوں کو ملک بدر کر دیا تھا۔ پاکستانی شہری پرواز ٹی کے 710 کے ذریعے استنبول سے اسلام آباد پہنچے تھے۔ ایئر پورٹ پر فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی نے پاکستانیوں کو انسداد انسانی اسمگلنگ سیل منتقل کر دیا تھا۔

اگست میں ہی قطر میں غیر قانونی طور پر مقیم تین پاکستانی شہریوں کو بھی ملک بدر کیا تھا۔ تینوں مسافر قطر سے نجی ایئر لائن کی پرواز کیو آر 632 کے ذریعے اسلام آباد  پہنچے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: ایف آئی اے کی کارروائی، حوالہ ہنڈی کےخفیہ نیٹ ورک سے وابستہ ملزم گرفتار

ایئرپورٹ پر روزی  خان، اقبال حسین، فواد مشتاق کو ٖفیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) سیل منتقل کر دیا گیا تھا۔

قبل ازیں ایف آئی اے نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے جعلی دستاویز ات کے ذریعے بیرون ملک جانے کی کوشش ناکام بنا دی تھی اورجعل سازی میں ملوث ملزمان کو بھی گرفتار کرلیا تھا۔

ہم نیوز کے مطابق اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایف آئی اے امیگریشن حکام نے سیالکوٹ کے رہائشی مسافر محمد بلاول کا ویزہ جب چیک کیا تو وہ جعلی نکلا تھا۔  مسافر محمد بلاول پرواز ای کے 781 کے ذریعے کینیڈا جانے کے لیے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچا تھا۔

محمد بلاول کے مطابق اس نے ایجنٹ کو کینیڈا کے ویزے کی خاطر 35 لاکھ روپے کی خطیر رقم ادا کی تھی۔  محمد بلاول کی نشاندہی پر جعلی ویزہ فروخت کرنے والے ایجنٹ کو بھی ایف آئی اے امیگریشن حکام نے گرفتار کرلیا تھا۔

ایف آئی اے امیگریشن حکام نے مسافر اور ایجنٹ دونوں کو گرفتار کرکے انسداد انسانی اسمگلنگ سیل منتقل کردیا تھا۔

 


متعلقہ خبریں