سی سی پی او لاہور پولیس افسران کے اثاثوں کی تفصیلات کیلیے متحرک

فائل فوٹو


لاہور: کیپٹل سٹی پولیس آفیسر ( سی سی پی او) لاہور عمر شیخ نے محکمہ پولیس کے افسران کے اثاثوں کی تفصیلات کے لیے مختلف خفیہ اداروں کو خط لکھا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سی سی پی او لاہور موٹروے زیادتی کیس کے مرکزی ملزم کا نام بھول گئے

خط میں ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز، انچارج انویسٹی گیشنز کے اثاثوں کی تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔

اس ضمن میں سی سی پی او لاہور عمر شیخ نے اسپیشل برانچ، انٹیلی جنس بیورو اور دیگر حساس ایجنسیز کو مراسلہ ارسال کیا۔

خط میں کہا گیا ہے کہ پولیس افسران کے تنخواہ کے علاوہ دیگر کاروبار اور ذریعہ معاش سے متعلق معلومات فراہم کی جائیں، پولیس افسران کے معاشرے میں کام اور کردار کی بنا پر عمومی شہرت سے بھی آگاہ کیا جائے۔

سی سی پی او لاہور کی جانب سے لکھے گئے خط میں ابتدائی طور پر 197 ایس ڈی پی او اور ایس ایچ او کے عہدوں پر فائز رہنے والے افسران کے اثاثوں اور کاروبار کی تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔

عمر شیخ کا اس ضمن میں کہنا ہے کہ آمدن سے زائد اثاثے رکھنے والے افسران کےخلاف محکمانہ تحقیقات ہوں گی، آئندہ کوئی بھی پولیس افسر اثاثوں کی تفصیلات جمع کروائے بغیر فیلڈ میں تعینات نہیں ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: موٹروے زیادتی کیس:سی سی پی او لاہور نے متاثرہ خاتون کے متعلق بیان پر معافی مانگ لی

انہوں نے کہا کہ خفیہ رپورٹس کے حصول کا مقصد پولیس افسران پر چیک اینڈ بیلنس برقرار رکھنا ہے۔

سی سی پی او لاہور کی طرف سے فیلڈ افسران کی پوسٹنگ کے لیے اثاثہ جات ڈکلیئریشن کا مراسلہ بھی جاری کیا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں