منی لانڈرنگ ریفرنس، سلمان شہباز کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کا آغاز

منی لانڈرنگ ریفرنس، سلمان شہباز کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کا آغاز

لاہور: احتساب عدالت لاہور نے منی لانڈرنگ ریفرنس میں سلمان شہباز کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کا آغاز کردیا۔

نمائندہ ہم نیوز کے مطابق قائد حزب اختلاف شہباز شریف کے صاحبزادے سلمان شہباز کی طلبی کے اشتہارات عدالت، رہائش گاہ اور عوامی مقامات پر آویزاں کر دیے گئے ہیں جبکہ ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) قومی احتساب بیورو (نیب) کو آئندہ سماعت پر سلمان شہباز کے حوالے سے رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔

جاری کردہ نوٹس کے مطابق سلمان شہباز کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے تھے تاہم وہ پیش نہ ہوئے۔ سلمان شہباز جان بوجھ کر عدالتی کارروائی کا حصہ نہیں بن رہے۔

نوٹس میں ہدایت کی گئی ہے کہ سلمان شہباز 13 اکتوبر کو عدالت پیش ہوکر ٹرائل کا سامنا کریں جبکہ ڈی جی نیب کو آئندہ سماعت پر سلمان شہباز کے حوالے سے رپورٹ جمع کرانے کا بھی کہا گیا ہے۔

اس سے قبل احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو بھی اشتہاری قرار دینے کا نوٹس آوایزاں کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: احتساب عدالت کے باہر نواز شریف کو اشتہاری قرار دینے کا نوٹس آویزاں

احتساب عدالت لاہور کے جج اسد علی خان نے عدالت اور نواز شریف کی رہائش گاہ کے باہر غیر قانونی پلاٹس الاٹ کرنے کے کیس میں اشتہاری قرار دینے کا نوٹس آویزاں کرنے کا حکم جاری کر دیا جبکہ تفتیشی افسر وزارت خارجہ کے ذریعے اشتہاری قرار دینے کا نوٹس لندن ارسال کریں گے۔


متعلقہ خبریں