پی ڈی ایم کے ذریعے نااہل حکومت کا خاتمہ کریں  گے، بلاول بھٹو


کراچی: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کے ذریعے نااہل حکومت کا خاتمہ کریں گے۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وکلا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی غریبوں کی جماعت ہے اور ہم موجودہ نظام کے خلاف نکلے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم بےنظیر بھٹو اور سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف بھی الزامات لگے ہیں لیکن ایسے الزامات ہمارے لیے نئے نہیں اور نہ ہم گھبراتے ہیں۔ پیپلز پارٹی غیرجمہوری قوتوں کے خلاف کھڑی ہے اور ہم نے صرف قانون کی حکمرانی کے لیے جدوجہد کرنی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وکلا نے ہمیشہ ہر محاذ پر ہمارا ساتھ دیا ہے اور وہ آگے بھی تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ پیپلز پارٹی نے آئین اور جمہوریت کی سربلندی کے لیے تحاریک چلائیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ حکومتی انتقام کے خلاف آج بھی جمہوری قوتوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور اگر قائد حزب اختلاف کو پارلیمان میں بولنے کی اجازت نہیں ہوگی تو ہمیں مجبورا نکلنا ہو گا۔

یہ بھی پڑھیں: احتساب عدالت کے باہر نواز شریف کو اشتہاری قرار دینے کا نوٹس آویزاں

انہوں نے کہا کہ جب عوام کے مسائل حل نہیں ہوں گے تو ہم سڑکوں پر آئیں گے اور جب تک پارلیمان آزاد نہیں ہو گا ملک میں حقیقی جمہوریت نہیں آسکتی، پارلیمان ربڑ اسٹیمپ رہے گا۔

بلاول بھٹو زرداری نے تقریب کے دوران شرکا کو ماسک پہننے کی ہدایت کی۔


متعلقہ خبریں