اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافہ، وزیر اعظم نے نوٹس لے لیا

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے اشیائے خورونوش کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کا نوٹس لے لیا۔

وزیر اعظم عمران خان نے نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ آئندہ ہفتے اشیائے خورونوش کی قیمت کم کرنے کے لیے تمام ریاستی وسائل بروئے کار لائیں گے جبکہ قیمتوں میں اضافے کی وجوہات کا تعین کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر قیمتوں میں اضافے سے پاکستان پر اثرات کا بھی جائزہ لے رہے ہیں۔ ہمیں تعین کرنا ہے کہ قیمتوں میں اضافے کی وجہ اسمگلنگ، ذخیرہ اندوزی یا رسد کی کمی تو نہیں ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ آئندہ ہفتے حکمت عملی کے تحت ایکشن لیتے ہوئے قیمتوں کو کم کریں گے۔

اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان نے موٹروے ریسٹ ایریاز میں اشیا کی زائد قیمتوں پر شہریوں کی شکایات کا بھی نوٹس لیا ہے۔

وزیر اعظم آفس کے مطابق شہریوں کی جانب سے سیٹیزن پورٹل کے ذریعے اشیا کی زائد قیمتوں کی شکایات کی گئی تھیں جس پر وزیر اعظم عمران خان نے موٹروے ریسٹ ایریاز میں اشیا خوردونوش کی زائد قیمتوں پر برہمی کا اظہار کیا۔

یہ بھی پڑھیں: نوجوان ہمارے ملک کا بیش قیمت اثاثہ ہیں، وزیر اعظم

وزیر اعظم نے ناجائز منافع خوروں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت کر دی۔

وزیر اعظم ڈیلیوری یونٹ نے وزارت مواصلات، این ایچ اے اور آئی جی موٹروے کو مراسلہ ارسال کر دیا۔ وزیر اعظم آفس کی جانب سے کہا کہ موٹروے ریسٹ ایریاز پر قیمتوں کی مانیٹرنگ کے لیے خصوصی ٹیم مختص کی جائیں جو موٹروے ریسٹ ایریاز پر دن اور رات باقاعدگی سے چھاپے ماریں۔


متعلقہ خبریں