جلسوں سے ملک میں دہشتگردی اور کورونا پھیلنے کا خدشہ ہے، شیخ رشید


لاہور: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ جلسے جلوسوں سے ملک میں کورونا وائرس پھیلنے اور دہشت گردی کا خدشہ ہے۔

میڈیا بریفنگ کے دوران انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے اپوزیشن کو جواب دے دیا ہے کہ این آر او نہیں دیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: شیخ رشید نے مسلم لیگ ن میں ش کے بعد ط لیگ کی بھی پیشگوئی کر دی

ان کا کہنا تھا کہ دہشت گرد تنظیمیں خانہ جنگی کرانے کے لیے پاکستان میں کچھ بھی کرسکتی ہیں، جلسہ جلوس ضرور  کریں ، شرپسندی اور جلاؤ گھیراؤ پر قانون حرکت میں آئے گا۔

شیخ رشید نے کہا کہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی سازشیں کی جارہی ہیں مگر پاک فوج جمہوری حکومت کے پیچھے کھڑی ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کو خبردار کر رہا ہوں کہ وہ پچھتائیں گے، روئیں گے اور کانوں کو ہاتھ لگائیں گے۔ سورج مغرب سے بھی نکل آئے تو نوازشریف، آصف زرداری اورفضل الرحمان کی کوئی جگہ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس ملک میں کوئی سیاستدان نہیں جس نے بچوں کی جیل کاٹی ہے، ایک سال ہو گیا نواز شریف اسپتال گئے نہ ہی علاج کرایا، عوام کو بےوقوف بنایا جا رہا ہے۔

شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی والے استعفے دے کر کیا کریں گے، اگلی بار سندھ بھی نہیں ملے گا، فضل الرحمان کی 9سیٹیں ہیں، ان کا کچھ نہیں جانا، مدرسوں کے طلبا  کو اکھٹا کرنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: استعفے دیں ہم نئے الیکشن کرائیں گے، شیخ رشید کا چیلنج

وزیر ریلوے نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان مذہب کارڈ استعمال کررہے ہیں، نواز شریف کبھی واپس نہیں آئیں گے، پاکستان کی سالمیت اور بقا میں فوج کا کلیدی کردار ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو غداری کے مقدمے کا علم نہیں تھا، نواز شریف، آصف زرداری کی سیاست میں کوئی جگہ نہیں۔

شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ 15 اکتوبر سے تمام  پرائیویٹ ٹرینیں بحال  کی جارہی ہیں، ریلوے کی بہتری کے لیے اقدامات کررہے ہیں، 5 فریٹ ٹرینیں پرائیویٹ  افراد کو دی ہیں۔


متعلقہ خبریں