بلاول ملک کی بنیادیں کھوکھلی کرنے والے کرپٹ ورثے کے نمائندے ہیں، شبلی فراز


اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری اس کرپٹ ورثے کے نمائندے ہیں جنہوں نے ملک کی بنیادوں کو کھوکھلا کیا۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو بھٹو کی وفاقی جماعت سے علاقائی جماعت میں بدلنے کا سہرا بلاول اور ان کے والد کے سر ہے۔ سوئس اکاؤنٹس بھرنے اور سرے محل تعمیر کرنے والے، وکلا سے کس منہ سے مخاطب ہو رہے ہیں؟

شبلی فراز قانون کی حکمرانی کے دعویدار بلاول اپنے انکل نواز شریف سے کہیں کہ واپس عدالت میں پیش ہوکر قانون کی حکمرانی کا عملی ثبوت دیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ملکی دولت لوٹنے والوں کے اعصاب پر سوار ہیں۔ قوم کا مال تو واپس کرنا ہی پڑے گا۔ کرپشن سے ملک کی بنیادوں کھوکھلی کرنے کا جواب تو دینا ہی پڑے گا۔

وزیر اطلاعت نے کہا کہ آصف علی زرداری اقتدار میں بھلے چنگے اور اپوزیشن میں بیمار ہو جاتے ہیں۔ نوازشریف اور آصف زرداری دونوں کی بیماری کا سبب ایک ہی ہے۔ قوم سے یہ دھوکہ دہی اب نہیں چلے گی۔

خیال رہے کہ اس سے قبل کراچی میں وکلا سے خطاب کرتے ہوئے  بلاول بھٹو نے کہا تھا کہ پاکستان ڈیموکریٹک کے ذریعے نااہل حکومت کا خاتمہ کریں گے۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی غریبوں کی جماعت ہے اور ہم موجودہ نظام کے خلاف نکلے ہیں۔

مزید پڑھیں: پی ڈی ایم گوجرانوالہ جلسہ: بلاول نے شرکت کی حامی بھر لی

انہوں نے کہا تھا کہ سابق وزیر اعظم بےنظیر بھٹو اور سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف بھی الزامات لگے ہیں، لیکن ایسے الزامات ہمارے لیے نئے نہیں اور نہ ہم گھبراتے ہیں۔ پیپلز پارٹی غیر،جمہوری قوتوں کے خلاف کھڑی ہے اور ہم نے صرف قانون کی حکمرانی کے لیے جدوجہد کرنی ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ وکلا نے ہمیشہ ہر محاذ پر ہمارا ساتھ دیا ہے اور وہ آگے بھی تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ پیپلز پارٹی نے آئین اور جمہوریت کی سربلندی کے لیے تحاریک چلائیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ حکومتی انتقام کے خلاف آج بھی جمہوری قوتوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور اگر قائد حزب اختلاف کو پارلیمان میں بولنے کی اجازت نہیں ہوگی تو ہمیں مجبورا نکلنا ہو گا۔

انہوں نے کہا تھا  کہ جب عوام کے مسائل حل نہیں ہوں گے تو ہم سڑکوں پر آئیں گے اور جب تک پارلیمان آزاد نہیں ہو گا ملک میں حقیقی جمہوریت نہیں آسکتی، پارلیمان ربڑ اسٹیمپ رہے گا۔


متعلقہ خبریں