کورونا کی ممکنہ دوسری لہر کے باعث اپوزیشن اپنا احتجاج موخر کر دے، شاہ محمود

فلسطین میں لگی آگ پورے مشرق وسطیٰ کو اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہے، شاہ محمود قریشی

فوٹو/فائل


اسلام آباد: وزیرخارجہ شاہ  محمود قریشی  نے کہا ہے کہ دنیا میں کورونا وبا ایک بار پھر اوپر جارہی ہے، کورونا وبا کی ممکنہ دوسری لہر کے باعث اپوزیشن اپنا احتجاج موخر کردے، اپوزیشن اپنے فیصلوں پر نظرثانی کرے۔

ایک بیان میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ  پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ کا اتحاد غیر  فطری ہے، جو دیرپا دیکھائی  نہیں دیتا۔اپوزیشن کے ارکان مگرمچھ  کے آنسو بہانا چھوڑ دیں۔ قومی اداروں کو سیاست میں  نہ گھسیٹنے سے  گریز کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ جمہوریت کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔ اپوزیشن ارکان احتساب کے عمل سے توجہ ہٹانا چاہتے ہیں۔ ملک میں عدم استحکام ہوگا تو معاشی بحالی میں رکاوٹ پیدا ہوگی۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حکومتی اقدامات کی وجہ سےمعاشی بحالی ہورہی ہے۔ ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنے سے دشمن کے ایجنڈے کو تقویت ملے گی۔

اس سے قبل لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ جلسے جلوسوں سے ملک میں کورونا وائرس پھیلنے اور دہشت گردی کا خدشہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے اپوزیشن کو جواب دے دیا ہے کہ این آر او نہیں دیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: شیخ رشید نے مسلم لیگ ن میں ش کے بعد ط لیگ کی بھی پیشگوئی کر دی

ان کا کہنا تھا کہ دہشت گرد تنظیمیں خانہ جنگی کرانے کے لیے پاکستان میں کچھ بھی کرسکتی ہیں، جلسہ جلوس ضرور  کریں ، شرپسندی اور جلاؤ گھیراؤ پر قانون حرکت میں آئے گا۔

شیخ رشید نے کہا کہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی سازشیں کی جارہی ہیں مگر پاک فوج جمہوری حکومت کے پیچھے کھڑی ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کو خبردار کر رہا ہوں کہ وہ پچھتائیں گے، روئیں گے اور کانوں کو ہاتھ لگائیں گے۔ سورج مغرب سے بھی نکل آئے تو نوازشریف، آصف زرداری اورفضل الرحمان کی کوئی جگہ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس ملک میں کوئی سیاستدان نہیں جس نے بچوں کی جیل کاٹی ہے، ایک سال ہو گیا نواز شریف اسپتال گئے نہ ہی علاج کرایا، عوام کو بےوقوف بنایا جا رہا ہے۔

شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی والے استعفے دے کر کیا کریں گے، اگلی بار سندھ بھی نہیں ملے گا، فضل الرحمان کی 9سیٹیں ہیں، ان کا کچھ نہیں جانا، مدرسوں کے طلبا  کو اکھٹا کرنا ہے۔


متعلقہ خبریں