پی ڈی ایم کا گوجرانوالہ جلسہ حکومت سے چھٹکارے کا آغاز ہوگا، قمر زمان کائرہ


لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ (پی ڈی ایم) کے بینر تلے گوجرانوالہ میں ہونے والا جلسہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت سے چھٹکارے کا آغاز ہوگا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ابھی تو تحریک کا آغاز ہے اور حکومتی ترجمانوں کی ہوائیاں اڑی ہوئیں ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان تو کھلی دھمکیوں پر اتر آئے ہیں۔ وزیر اعظم کے پاس اپوزیشن کے خلاف غلط الزامات لگانے کے سوا کچھ نہیں۔

قمر زمان کائرہ نے کہا کہ بتایا جائے اپوزیشن کون سے بھارتی بیانیہ پر چل رہی ہے۔ حکومت پی ڈی ایم سے مذاکرات کرنا چاہتی ہے تو ضرور کرے۔ لیکن مذاکرات اوپن ہوں گے۔

استعفوں سے متعلق سوال کے جواب میں رہنما پیپلزپارٹی نے کہا کہ سیاست دانوں کو معلوم ہوتا ہے کب کیا فیصلہ کرنا ہے۔ استعفوں کا فیصلہ بھی انہیں ہی کرنے دیا جائے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل کراچی میں وکلا سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا تھا کہ پاکستان ڈیموکریٹک کے ذریعے نااہل حکومت کا خاتمہ کریں گے۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی غریبوں کی جماعت ہے اور ہم موجودہ نظام کے خلاف نکلے ہیں۔

مزید پڑھیں: پی ڈی ایم گوجرانوالہ جلسہ: بلاول نے شرکت کی حامی بھر لی

انہوں نے کہا تھا کہ سابق وزیر اعظم بےنظیر بھٹو اور سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف بھی الزامات لگے ہیں، لیکن ایسے الزامات ہمارے لیے نئے نہیں اور نہ ہم گھبراتے ہیں۔ پیپلز پارٹی غیر،جمہوری قوتوں کے خلاف کھڑی ہے اور ہم نے صرف قانون کی حکمرانی کے لیے جدوجہد کرنی ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ وکلا نے ہمیشہ ہر محاذ پر ہمارا ساتھ دیا ہے اور وہ آگے بھی تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ پیپلز پارٹی نے آئین اور جمہوریت کی سربلندی کے لیے تحاریک چلائیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ حکومتی انتقام کے خلاف آج بھی جمہوری قوتوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور اگر قائد حزب اختلاف کو پارلیمان میں بولنے کی اجازت نہیں ہوگی تو ہمیں مجبورا نکلنا ہو گا۔

انہوں نے کہا تھا  کہ جب عوام کے مسائل حل نہیں ہوں گے تو ہم سڑکوں پر آئیں گے اور جب تک پارلیمان آزاد نہیں ہو گا ملک میں حقیقی جمہوریت نہیں آسکتی، پارلیمان ربڑ اسٹیمپ رہے گا۔

 


متعلقہ خبریں