مولانا فضل الرحمان نے پی ڈی ایم کا اجلاس طلب کرلیا


اسلام آباد:  پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اپوزیشن اتحاد کا اجلاس طلب کرلیا ہے۔

ذرائع کے مطابق  پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا اجلاس 15 اکتوبر کو اسلام آباد میں ہوگا۔ اجلاس سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان کی زیر صدرات ہوگا۔ پی ڈی ایم باڈی کے تمام اراکین کو شرکت کی دعوت دے دی گئی۔

پی ڈی ایم کا پہلا جلسہ 16 اکتوبر کو گوجرانوالہ میں ہوگا، تاہم جلسے کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ نے حتمی اجازت نہیں دی ہے۔

خیال رہے کہ 3 اکتوبر کو جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ (پی ڈی ایم) کا سربراہ مقرر کیا گیا تھا۔

اسلام آباد میں پی ڈی ایم کے ورچوئل اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا  تھاکہ تمام جماعتوں نے اتفاق رائے سے مولانا فضل الرحمان کو پی ڈی ایم کا سربراہ منتخب کیا ہے۔

ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ ن  نے پی ڈی ایم  کی قیادت کے لیے مولانا فضل الرحمان کا نام  تجویز کیا تھا۔

مزید پڑھیں: حزب اختلاف نے پی ڈی ایم کا ڈھانچہ تشکیل دے دیا

یاد رہے کہ 20 ستمبر کو ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) میں حزب اختلاف کے جماعتوں نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے نام سے اپوزیشن کا اتحاد تشکیل دیا تھا۔

اے پی سی اجلاس کے بعد د میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے حکومت کے خلاف ملک گیر احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ اکتوبر اور نومبر میں صوبائی دارالحکومتوں سمیت بڑے شہروں میں جلسے کیے جائیں گے۔ دسمبر میں ملک گیر ریلیاں اور مظاہرے ہوں گے۔

انہوں نے کہا تھا کہ حکومت کی تبدیلی کے لیے متحدہ حزب اختلاف پارلیمان کے اندر اور باہر تمام سیاسی اور آئینی آپشنز استعمال کرے گی۔ ان میں عدم اعتماد کی تحاریک اور اسمبلیوں سے اجتماعی استعفوں کا آپشن بھی شامل ہے۔


متعلقہ خبریں