کراچی: فائرنگ سے جامعیہ فاروقیہ کے مہتمم مولانا عادل ڈرائیور سمیت جاں بحق


کراچی: کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی میں نامعلوم موٹر سواروں کی گاڑی پر فائرنگ  کے نتیجے میں جامعیہ فاروقیہ کے مہتمم مولانا عادل خان ڈرائیور سمیت جاں بحق ہوگئے۔

کراچی پولیس چیف کے مطابق مولانا عادل پرفائرنگ دارالعلوم کراچی سے واپسی پر ہوئی۔ ترجمان لیاقت نیشنل اسپتال کے مطابق مولانا عادل خان کو دو گولیاں لگی تھیں۔ اسپتال پہنچنے سے قبل ہی وہ دم توڑ چکے تھے۔

واقعے کی ابتدائی رپورٹ  کے مطابق گاڑی میں موجود مولانا عادل کے ایک ساتھی کچھ خریدنے کے لیے گاڑی سے اترے تھے، اسی دوران موٹر سائیکل سوار ملزمان نے پانچ گولیاں چلائیں۔  فائرنگ سے مولانا عادل ڈرائیور سمیت جاں بحق ہوگئے

مزید پڑھیں: فیروزوالہ: بس کی ٹکر سے میاں بیوی سمیت 3 افراد جاں بحق، دو زخمی

کراچی پولیس چیف کے مطابق شام ساڑھے 7 بجے فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔ حملہ آوروں کی تعداد تین تھی۔ حملہ آور ایک ہی موٹر سائیکل پرسوار تھے۔

انہوں نے کہا کہ مولانا عادل کو خصوصی طور پر ٹارگٹ کیا جائے گا، ایسا انتباہ نہیں تھا۔ واقعے کی تحقیقات کررہے ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق آئی جی سندھ نے مولانا عادل پر ہونے والے حملے کی ابتدائی رپورٹ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو پیش کردی ہے۔

ترجمان لیاقت نیشنل اسپتال کے مطابق مولانا عادل خان اسپتال پہنچنے سے قبل ہی دم توڑ چکے تھے۔ مولانا عادل کو 2 گولیاں لگی تھیں۔

ذرائع کے مطابق مولانا عادل خان ملائیشیا کی اسلامی یونیورسٹی میں استاد رہے ہیں اور کچھ عرصہ قبل پاکستان لوٹے تھے۔ گزشتہ ہفتہ ہی تاریخ پاکستان سے متعلق انکی کتاب منظر عام پہ آئی تھی۔

 


متعلقہ خبریں