وزیر اعظم کا مہنگائی کیخلاف ٹائیگر فورس کو میدان میں اتارنے کا فیصلہ



اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے مہنگائی میں کمی کیلئے ایکشن پلان تیار کرلیا ہے جس کا اعلان کل کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کیلئے حکومتی اداروں اور ریاستی وسائل کے بھرپور استعمال کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اطلاعات ہیں کہ وزیراعظم نے ایک بار پھرٹائیگرفورس رضاکاروں کو میدان میں اتارنےکا فیصلہ کیا ہے۔ توقع ہے کہ ٹائیگرفورس کو ذخیرہ اندوزوں کی نشاندہی کا ٹاسک سونپا جائے گا۔

وزیراعظم کےمعاون خصوصی یوتھ افیئرزعثمان ڈارسے مشاورت مکمل کر لی گئی ہے۔ وزیراعظم نےٹائیگرفورس کا بڑاکنوشن بلانےکی ہدایت کی ہے۔

کنونشن آئندہ ہفتےاسلام آباد میں منعقد ہوگا جس میں ٹائیگر فورس کےجوان شریک ہوں گے۔ وزیراعظم نوجوانوں کو حکومتی ایکشن پلان پر رہنمائی اورٹاسک فراہم کریں گے۔ وزیراعظم سے گائیڈلائنزملتے ہی عثمان ڈارنےکنونشن کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔

وزیراعظم نے کہا میں چاہتاہوں ٹائیگرفورس روزانہ کی بنیاد پراشیا خورونوش کی قیمتوں کاجائزہ لے اور اپنے علاقوں میں قیمتیں چیک کرکے پورٹل پرپوسٹ کرے۔

خیال رہے کہ ایک ہفتے کے دوران 24 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: 24 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ

جن اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ان میں آٹا، چینی، ٹماٹر، پیاز، انڈہ، مرغی، آلو، دال چنا، چاول، دہی اورلہسن شامل ہیں۔

اعداد و شمار کے تحت آٹے کا 20 کلو کا تھیلا اوسطاً 28 روپے مہنگا ہوا، چینی کی فی کلو قیمت میں اوسطاً ایک روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جب کہ ٹماٹر 18 روپے فی کلو اور پیاز آٹھ روپے فی کلو اضافی قیمت پر فروخت ہو رہی ہے۔

ادارہ شماریات کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق انڈوں کی قیمت میں 16 روپے فی درجن، آلو کی قیمت میں ایک روپے 80 پیسے فی کلو اور برائلر مرغی کی قیمت میں 9 روپے فی کلو اضافہ ہوا ہے۔

دال چنا، چاول ، دہی اور لہسن کی قیمتوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے جب کہ عام شہریوں نے دودھ کی قیمت میں بھی اضافے کی شکایت کی ہے۔

وفاقی ادارہ شماریات کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق ہفتہ وار مہنگائی میں 1.24 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس کی شرح 11.28 فیصد رہی ہے۔

رپورٹ کے مطابق چار اشیا کی قیمتوں میں کمی آئی ہے جب کہ 23 اشیا کی قیمتیں برقرار رہی ہیں۔ جاری کردہ رپورٹ کے مطابق جن اشیا کی قیمتوں میں کمی آئی ہے ان میں کیلا، دال مونگ، دال ماش اور گڑ شامل ہیں۔


متعلقہ خبریں