کراچی میں ڈبل سواری پر عائد پابندی ختم


کراچی: شہر قائد میں ایک ماہ کے لیے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر عائد پابندی ختم کردی گئی ہے۔ حکومت سندھ نے ڈبل سواری پر عائد پابندی کا نوٹی فکیشن واپس لے لیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق حکومت سندھ نے ایڈیشنل آئی جی کراچی کی سفارش پرآج ڈبل سواری پرایک ماہ کے لیے پابندی عائد کی تھی۔

ذرائع کے مطابق شہر قائد میں ٹارگیٹ کلنگ کے پیش نظرموٹرسائیکل کی ڈبل سواری پرپابندی عائد کی گئی تھی۔ محکمہ داخلہ سندھ نے کراچی میں ڈبل سواری پر پابندی سے متعلق نوٹی فکیشن جاری کیا تھا۔

گزشتہ روز کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی گاڑی پر فائرنگ  کے نتیجے میں جامعہ فاروقیہ کے مہتمم مولانا عادل خان ڈرائیور سمیت جاں بحق ہو گئے تھے۔

رپورٹ کے مطابق مولانا عادل کا ایک ساتھی خریداری کیلئے گاڑی سے اترا اور اسی دوران موٹر سائیکل سوار ملزموں نے فائرنگ کر دی۔

نامعلوم دہشت گرد مولانا عادل پر دائیں جانب سے حملہ آور ہوئے۔ دہشت گردوں کے آتشی اسلحہ سے نکلنے والی پانچ گولیاں مولانا عادل کو لگیں۔

یہ بھی پڑھیں: مولانا عادل خان کی نماز جنازہ ادا

پانچ میں سے چار گولیاں مولانا عادل کے سر اور چہرے پر لگیں اور ایک بازو میں لگی۔ مولانا عادل کے سر اور چہرے پر لگنے والی گولیاں موت کا سبب بنیں۔

مولانا کے ڈرائیور مقصود کو صرف ایک گولی لگی۔ حملہ آوروں نے ڈرائیور کے سر پر وار کیا۔ مقصود احمد کے سر میں لگنے والی واحد گولی جان لیوا ثابت ہوئی۔


متعلقہ خبریں