غیرت کے نام پر قتل: چھ ماہ بعد لڑکی کے والد، بھائی گرفتار

فوٹو: فائل


لاہور: لاہور پولیس نے چھ ماہ قبل قتل ہونے والی لڑکی کے قتل کا سراغ لگا لیا۔ پولیس نے مقتول لڑکی کے والد اور دو بھائیوں کو غیرت کے نام پر قتل کرنے کے الزام میں گرفتار کر کے شامل تفتیش کرلیا۔

پولیس نے 25 سالہ جویریہ کو غیرت کے نام پر قتل کرنیوالا باپ عبدالغفور، بھائی عبدالشکور اور اقبال کو گرفتار کرلیا ہے۔

پولیس کے مطابق والد نے مظفر گڑھ سے جویریہ کو لاہور گھر بلایا، جہاں تینوں ملزمان نے لڑکی کے سر پر ڈنڈے مارے اور گلہ دبا کر موت کے گھاٹ اتار دیا اور لاش کو بوری میں بند کر کے گجرپورہ کے علاقے میں پھینک دیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان والد اور بھائیوں نے قتل کے بعد مقتولہ کی عمر کوٹ سندھ میں شادی کرنے کا ڈرامہ رچایا تھا۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ سرگودھا پولیس نے مبینہ طور پر غیرت کے نام پر بہن کو قتل کرنے والا بھائی گرفتار کو کرلیا تھا۔ پولیس نے 20 جولائی سے لاپتہ ہونے والی لڑکی کی لاش بھی برآمد کرلی تھی۔

مزید پڑھیں: شمالی وزیرستان میں غیرت کے نام پر قتل، دو ملزمان گرفتار

پولیس کے مطابق سرگودھا کے نواحی علاقے ٹانگوالی کی رہائشی نگہت پروین کی شادی چنیوٹ کے رہائشی وسیم امجد سے ہوئی تھی۔ نگہت کے شوہر نے  تھانہ صدر میں اس کے اغوا کا مقدمہ درج کرایا تھا۔

پولیس نے مقدمہ درج کر کے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے نگہت پروین کے قتل کی واردات کا سراغ لگا لیا۔ پولیس کے مطابق بھائی نے غیرت کے نام پر بہن کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔ قاتل بھائی نے اعتراف جرم کر لیا تھا۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ لاہور پولیس نے غیرت کے نام پر چودہ سالہ بیٹی کو قتل کرنے والے باپ  کو گرفتار کرلیا تھا۔

پولیس ذرائع کے مطابق  باپ نے بیٹی  کو بیلٹوں سے شدید تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔ تشدد سے حالت انتہائی نازک ہونے پر بیٹی کی طبیعت اچانک خراب ہونے کا ڈرامہ رچا تھا۔

پولیس ذرائع کے مطابق شدید تشدد اور گلا دبانے کی وجہ سے معصوم عروبہ اسپتال میں دم توڑ گئی تھی۔

ذرائع کے مطابق تدفین سے قبل دوران غسل جسم پر تشدد کے نشانات واضح نظر آنے پرشک کی بنیاد پر پولیس کو اطلاع دی گئی۔ مقامی پولیس نے مقتولہ عروبہ کی نعش قبضہ میں لے کر پوسٹ مارٹم کروایا۔

پوسٹ مارٹم رپورٹ میں تشدد ثابت ہونے پر انویسٹی گیشن پولیس مناواں نے مقتولہ کے سگے باپ ملزم اشرف کو گرفتار کر لیا۔ ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔


متعلقہ خبریں