فیاض چوہان کا ن لیگ پر پنجابی کارڈ استعمال کرنے کا الزام

آل شریف میں سخت پھوٹ پڑ چکی، فیاض چوہان

فوٹو: فائل


لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان  نے حزب اختلاف کی سب سے بڑی جماعت پاکستان مسلم لیگ نواز پر پنجابی کارڈ استعمال کرنے کا الزام لگایا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ آل شریف کی کرپشن کی دم پر عدالتی اور احتسابی اداروں نے پاؤں رکھا تو حقیقت کھل کر سامنے آ گئی، قومی پارٹی کی دعویدار ن لیگ نے ‘پگ’ کی صورت میں پنجابی کارڈ استعمال کرنا شروع کر دیا ہے۔

وزیر اطلاعات پنجاب نے ٹویٹ میں کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ پَگ کے نیچے سارے ن لیگی ٹھگ ہیں، مسلم لیگ ن میں اندرونی دھڑے بازی روز روشن کی طرح عیاں ہو چکی ہے، شہباز شریف کی گرفتاری پر پگ پہن کر خوشی کا اظہار کئی سوالات کو جنم لے رہا ہے، ملکی سیاست میں عصبیت اور صوبائیت کا کارڈ کسی کو نہیں کھیلنے دیا جائے گا۔

وزیر اطلاعات پنجاب نے دعویٰ کیا کہ پاکستان مسلم لیگ ن میں اندرونی دھڑے بازی روز روشن کی طرح عیاں ہو چکی ہے۔

دوسری جانب پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ نیا پاکستان کا خواب چکنا چور ہوگیا، اب قوم آپ سے حساب لے گی، اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکڑیٹک مومنٹ نااہل حکومت کے محاسبہ کرے گی۔

پنجاب اسمبلی میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ نواز کے نائب صدر حمزہ شہباز نے کہا کہ آج مہنگائی اور بے روزگاری عروج پر ہے۔ احتجاج اپوزیشن کا جمہوری حق ہے، حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔ اب ہم پیچھے ہٹنے والے نہیں ہیں، اب ان کے احتساب کا وقت آگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام آٹے اور گندم کو رو رہے ہیں۔ وفاقی وزیر ایوان میں کہتے ہیں کہ پتہ نہیں گندم کہاں جارہی ہے۔ یہ پہلے چینی برآمد کرتے ہیں، پھر درآمد کرتے ہیں۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ وزیراعظم نے مہنگائی کے خلاف 11 نوٹس لیے۔ 11 نوٹس لینے کے باوجود بھی مہنگائی بڑھ رہی ہے۔ حکومت کی معاشی ٹیم بیرون ملک سے آکر بیٹھ گئی ہے۔ باہر سے آئی معاشی ٹیم کوکیا پتہ کہ غریب کے مسائل کیا ہیں؟

مزید پڑھیں:  مولانا فضل الرحمان نے پی ڈی ایم کا اجلاس طلب کرلیا

انہوں نے کہا کہ حکومت نے ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے۔ کہا جا رہا ہے آئندہ 2 سال تک معیشت کو سانس نہیں آئے گا۔ معیشت کو سانس آرہا ہے نہ ہی غریب عوام کو۔

رہنما ن لیگ حمزہ شہباز نے کہا کہ کیا ٹک ٹاک بند کرنے سے معیشت ٹھیک ہوجائے گی؟ عوام انتقام کی آگ میں جل رہے ہیں۔ پشاور بی آرٹی کا حال سب کےسامنے ہے۔

حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ مجھے گرفتار کیے ہوئے ڈیڑھ سال ہونے کو ہے، ابھی تک کرپشن ثابت نہیں کرسکے۔ ہمیں جیلوں سےمت ڈرائیں۔ عمران خان ایک ڈکٹیٹر ہیں۔

 


متعلقہ خبریں