موٹروے زیادتی کے ملزم کو قانون کے تحت سزادی جائے گی، صدر مملکت


اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے کہا ہے کہ موٹروے زیادتی کیس کا دوسرا ملزم گرفتار کرلیا گیاہے، ملزم کو قانون کے تحت سزادی جائے گی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان میں ہر ایک اپنے آپ کو محفوظ محسوس کرے۔ خاص طور پر ہماری خواتین اور بچے خود کو محفوظ محسوس کریں۔

خیال رہے کہ لاہور موٹروے پر خاتون سے اجتماعی زیادتی کے بعد فرار ہونے والے مرکزی ملزم عابد ملہی کو فیصل آباد سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل نے مرکزی ملزم کی گرفتاری کی تصدیق کی ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر سے جاری اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ عابد ملہی گرفتار ہو گیا ہے اسے قانون کے مطابق سزا دی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ملزم عابد ملہی کو فیصل آباد سےگرفتار کیا گیا ہے پولیس جلد تمام معلومات میڈیا سے شیئر کرے گی۔

مزید پڑھیں: موٹروے زیادتی کیس، ملزم عابد کی گرفتاری کے لیے 8 چھاپہ مار ٹیمیں مقرر

یاد رہے کہ اس سے قبل 14 ستمبر کو سی آئی اے کی ٹیم نے موٹروے زیادتی کیس کے ایک ملزم شفقت کو دیپالپور کے نواحی گاؤں سے گرفتار کیا تھا۔

ملزم شفقت نے پولیس حراست میں اعتراف جرم کیا جبکہ ملزم کا ڈی این اے بھی متاثرہ خاتون کی رپورٹ سے میچ کر گیا تھا۔

بعد ازاں 15 ستمبر کو انسداد دہشت گردی کی عدالت نے مرکزی ملزم شفقت سمیت گرفتار تینوں ملزمان کو 29 ستمبر تک جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا۔

واضح رہے کہ 9 ستمبر کی رات گجر پورہ کے قریب موٹر وے پر خاتون کو اس کے بچوں کے سامنے تشدد اور اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنانے کا واقعہ پیش آیا تھا۔


متعلقہ خبریں