پشاور: راج کپورحویلی بھی سرکاری تحویل میں لینےکافیصلہ

پشاور: راج کپورحویلی بھی سرکاری تحویل میں لینےکافیصلہ

فائل فوٹو


پشاور: خیبر پختونخوا حکومت نے راج کپور کی حویلی کو بھی سرکاری تحویل میں لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

پشاور کی ضلعی انتظامیہ نے سیکشن فور نافذ کر کے اس 4 منزلہ حویلی کی خریدوفروخت پر پابندی عائد کر دی ہے۔ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بالی وڈ لیجنڈ راج کپور کا آبائی گھر خرید کر اس کو میوزیم میں تبدیل کیا جائے گا۔

اس سے قبل ممتاز اداکار دلیپ کمار کے آبائی گھر کو بھی سرکاری تحویل میں لینے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ ضلعی انتظامیہ کا اس سلسلے میں مؤقف ہے کہ اداکار دلیپ کمار کے آبائی گھر کو خرید کر میوزیم میں تبدیل کیا جائے گا۔

حکام کا کہنا ہے کہ راج کپور حویلی کی قیمت کا تعین کیاجائے گا اور جلد ہی محکمہ آثار قدیمہ کو فنڈز کی فراہمی سے متعلق آگاہ کریں گے۔

ذرائع ہم نیوز کے مطابق پشاور شہر میں قائم یہ حویلی اب انتہائی مخدوش حالت میں ہے اور اس حویلی کے موجودہ مالک اس حویلی کو گرا کر یہاں ایک پلازہ تعمیر کرنا چاہتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:اداکار دلیپ کمار کا آبائی گھر سرکاری تحویل میں لینے کا فیصلہ

تاہم محکمہ آثار قدیمہ اب تک اس کی حفاظت پر مامور ہے اور اسے گرانے کی تین کوششوں کو ناکام بنایا جا چکا ہے۔ ڈھکی منور شاہ میں قائم کپور حویلی راج کپور کے دادا بشیشور ناتھ کپور نے 1922 میں تعمیر کروائی تھی۔

کپور حویلی اب انتہائی خستہ حال میں ہے لیکن آثار بتاتے ہیں کہ اپنے دور میں یہ متعدد کمروں اور راہداریوں پر مشتمل شاندار عمارت رہی ہوگی۔

یہ تین منزلہ عمارت خوبصورت بالکونیوں اور محرابی کھڑکیوں سے مزین ہے جو اب انتہائی خستہ حالت میں ہے۔

چند روز قبل خیبرپختونخوا حکومت نے بھارت کے لیجنڈ اداکار دلیپ کمار کے گھر پر سیکشن 4 نافذ کیا تھا۔

صوبائی حکومت نے دلیپ کمار اور راج کپور خاندان کی پشاور میں واقع آبائی رہائشگاہوں کو خرید کر میوزیم میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

دلیپ کمار کی اہلیہ سائرہ بانو نے اپنے شوہر کے آبائی گھر کی خریداری اور پھر اسے میوزیم میں تبدیل کرنے کے حکومتی فیصلے کی تعریف کی تھی۔


متعلقہ خبریں