فشریز کے پی ٹی بوٹ بلڈنگ یارڈ میں آتشزدگی، کروڑوں روپے کا نقصان


کراچی: فشریز کے پی ٹی بلڈنگ یارڈ میں آگ لگنے کے باعث کروڑوں روپے مالیت کی لانچیں راکھ کا ڈھیر بن گئیں۔

نمائندہ ہم نیوز کے مطابق فشریز کے پی ٹی بوٹ بلڈنگ یارڈ میں لگی آگ پر 5 گھنٹے بعد قابو پالیا گیا۔ کے ایم سی، کے پی ٹی اور پاک نیوی کے فائر ٹینڈرز نے آگ بجھانے کے عمل میں حصہ لیا۔

آتشزدگی کے باعث کروڑوں روپے مالیت کی آٹھ لانچیں جل کر راکھ کا ڈھیر بن گئیں۔ آگ زیر تعمیر لانچوں میں لگی تاہم کھلا مقام ہونے کی وجہ سے ہوا کے سبب آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے اردگرد موجود دیگر لانچوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

لانچ کے مالک کا کہنا تھا کہ فائربریگیڈ مبینہ طور پر تاخیر سے پہنچی جو آگ پھیلنے کا سبب بنا۔

آگ لگنے کی وجہ معلوم نہ ہو سکی جبکہ فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ کولنگ کے عمل کے بعد ہی نقصان کا تخمینہ لگایا جا سکے گا۔

دوسری جانب علاقہ مکینوں نے قریب موجود آئل ڈپو مالکان کے خلاف احتجاج بھی کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ رہائشی علاقے میں مبینہ طور پر غیر قانونی آئل ڈپو بنایا گیا ہے جسے بااثر افراد چلاتے ہیں جو آگ لگنے کا سبب بنتا ہے۔ آئل ڈپو میں تیسری بار آگ لگ چکی ہے۔


متعلقہ خبریں