ٹک ٹاک، فواد چودھری کا بیان ان کی ذاتی رائے ہو سکتی ہے، علی محمد

ALI MUHAMMAD KHAN

اسلام آباد: وفاقی وزیر مملکت علی محمد خان نے کہا ہے کہ ٹک ٹاک سے متعلق فواد چودھری کا بیان ان کی ذاتی رائے ہو سکتی ہے۔

وفاقی وزیر مملکت پارلیمانی امور علی محمد خان نے ہم نیوز کے پروگرام صبح سے آگے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موٹروے زیادتی کیس کے ملزم کی گرفتاری اچھی خبر ہے اور زیادتی کے ملزمان کی گرفتاری میں خیبر پختونخوا پولیس کی کارکردگی بھی قابل تحسین ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم زیادتی کے ملزمان کو سخت سزا دینے کے حامی ہیں۔ اس کے علاوہ ہم ٹک ٹاک کے بھی خلاف نہیں بلکہ اس پرغیر اخلاقی مواد کے حق میں نہیں ہیں۔

وفاقی وزیر مملکت نے کہا کہ ٹک ٹاک پر غیر اخلاقی مواد سے معاشرہ بگاڑ کی طرف جا رہا ہے۔ ہم ٹیکنالوجی کی جدت کی حمایت کرتے ہیں لیکن بچوں کے مستقبل کو رسک پر نہیں چھوڑ سکتے۔

یہ بھی پڑھیں: دسمبر تک ہم اپنا کام دکھا دیں گے، شاہد خاقان

انہوں نے کہا کہ فواد چودھری کی ٹک ٹاک سے متعلق بیان ان کی ذاتی رائے ہوسکتی ہے تاہم وزیر اعظم عمران خان ریاست مدینہ کے ویژن پرعمل درآمد کے لیے پرعزم ہیں۔

اس سے قبل سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پتھرکھانے پڑے توبھی کھا لیں گے اور لاٹھی چارج کے لیے بھی تیار ہیں۔ دسمبر تک ہم اپنا کام دکھا دیں گے۔

پروگرام ’صبح سے آگے‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کو جلسوں سے روکا کس نے تھا جو یہ لوگ اجازت کی بات کرتے ہیں۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ لانگ مارچ، جلسے اور ریلیاں حکومت پردباؤ بڑھانے کے حربے ہیں۔ ضرورت پڑی تو نوازشریف بھی جلسوں سے خطاب کریں گے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ پی ٹی آئی والے کئی ماہ تک ڈی چوک پرغیرقانونی بیٹھے رہے۔ میں نہیں سمجھتا کہ جنوری تک سلسلہ آگے جائے گا، حکومت ناکام ہے۔


متعلقہ خبریں