چیئرمین نیب کا روزویلٹ ہوٹل بند کرنے کا نوٹس



چیئرمین نیب جاوید اقبال نے امریکہ میں قومی ائیرلائن پی آئی اے کی ملکیت روز ویلٹ ہوٹل کو بند کرنے کا نوٹس لےلیا ہے۔

چیئرمین نیب نے ڈی جی نیب راولپنڈی کو معاملے کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔  انہوں نے ہدایت کی معلوم کیا جائے کہ ہوٹل کو بند کرنے کی ضرورت کیوں پیش آئی؟ کن وجوہات کی بنا پر پاکستان کو مبینہ طور پر لاکھوں ڈالرز کا نقصان ہوا؟

خیال رہے کہ حکومت نے ہوٹل کی بندش کا فیصلہ دو ماہ کے لیے مؤخر کردیا ہے۔  ذرائع کے مطابق مختلف ایئرلائن اور کمپنیوں سے کنٹریکٹ ختم کرنے کے لیے ہوٹل انتظامیہ نے وقت مانگا تھا۔

ہوٹل کو 31 اکتوبر تک بند کرنے کا فیصلہ گزشتہ دنوں کیا گیا تھا۔  روزویلٹ ہوٹل کی یونین اورملازمین کے واجبات کی ادائیگی کی پہلی قسط جلد ادا کر دی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں:امریکہ: روز ویلٹ ہوٹل کی بندش کا فیصلہ مؤخر

کابینہ کی نجکاری کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ روز ویلٹ ہوٹل کو نجی پارٹی کے ساتھ جوائنٹ وینچر کے ذریعے چلایا جائے گا۔ ہوٹل کا فنانشل ایڈوائزر تعینات کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔

قبل ازیں حکومت پاکستان اس ہوٹل کو فروخت کرنا چاہتی تھی لیکن بعد میں فیصلہ کیا گیا کہ پی آئی اے کی ملکیت اس ہوٹل کو نجی پارٹی کے ساتھ جوائنٹ وینچر کے ذریعے چلایا جائے گا۔

1924 سے قائم  روزویلٹ ہوٹل کا شمارامریکہ کے تاریخی ہوٹلوں میں ہوتا ہے۔ یہ ہوٹل امریکہ اور دنیا کے مہنگے ترین علاقے مین ہٹن نیویارک میں واقع ہے۔


متعلقہ خبریں