وفاقی حکومت مافیا چلا رہی ہے، ترجمان سندھ حکومت


کراچی: پیپلز پارٹی کے رہنما مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کو غریب آدمی کا کوئی احساس نہیں ہے وہ مافیا چلا رہی ہے۔

سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم خود کو جمہوریت سے تشبیہ دیتے ہیں جبکہ وفاقی حکومت کو عوام کے مسائل سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔

انہوں ںے کہا کہ ملک میں آج مختلف چیلنجز کا سامنا ہے لیکن وزیر اعظم کو اپنی ذات سے آگے کچھ نظر نہیں آتا۔ عوام کو بجلی گیس نہیں مل رہی اور وزیر اعظم کہتے ہیں ترسیلات زر میں اضافہ ہوا ہے۔ وزیر اعظم کو احساس نہیں کہ بجلی کی قیمت میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ حکومت آئینی تقاضوں کو روند رہی ہے اور وزرا حزب اختلاف پر دباؤ ڈالنے کے لیے ہتھکنڈے استعمال کر رہے ہیں۔ حکومت کوعوامی مسائل کے حل میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ جب جب وزیر اعظم نوٹس لیتے ہیں عوام کی چیخیں نکل جاتی ہیں۔ عام آدمی کو ترسیلات زر سے غرض نہیں بلکہ اپنے چولہے سے غرض ہے۔ آٹا ناپید ہو چکا ہے اور مارکیٹ میں دستیاب نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں: نیب نے تسلیم کیا شہباز شریف کیس میں کچھ برآمد نہیں ہوا، مریم اورنگزیب

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت مافیا چلا رہی ہے، انہیں غریب آدمی کا احساس ہی نہیں ہے۔ چینی 55 روپے کلو تھی اب 105 روپے کلو ہو گئی ہے، ٹماٹر 59 روپے کلو تھا آج 190 روپے فی کلو مل رہا ہے۔ گیس اور ایل پی جی کی قیمت میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے۔

رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے پی ڈی ایم کا جلسہ ہو گا جبکہ وزیر اعظم عمران خان اور صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی اسی کراچی سے منتخب ہوئے ہیں۔


متعلقہ خبریں