علیم خان نے سندھ حکومت کو گندم، آٹے کی قلت کا ذمہ دار ٹھہرا دیا

بڑی کامیابی

لاہور: وزیر خوراک پنجاب عبدالعلیم خان نے ملک میں گندم وآٹے کی موجودہ صورتحال کا  ذمہ دار سندھ حکومت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی  حکومت نے ابھی تک گندم کا ایک دانہ بھی سرکاری طور پر ریلیز نہیں کیا ہے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیم خان نے کہا کہ سرکاری گندم کی سپلائی کا تمام تر بوجھ صرف پنجاب کےصوبے پر ہے۔ سندھ حکومت بالکل بے حس ہوچکی ہے اور غریب آدمی کی مشکلات کا احساس نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب پورے ملک کا بوجھ نہیں اٹھا سکتا ہے، سندھ  فوری گندم ریلیز کرے۔ سندھ حکومت کی بے حسی صرف سندھ نہیں بلکہ پاکستان بھر سے دشمنی ہے۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ اس وقت سبسڈی والی گندم صرف پنجاب حکومت ریلیز کر رہی ہے۔ سندھ حکومت بھی فلور ملزکو پنجاب کی طرح سرکاری گندم ریلیزکرے۔ قیمتوں میں کمی کے لیے ملک بھر میں گندم کی یکساں ریلیز پرائس ہونی چاہیے۔

مزید پڑھیں: سندھ کابینہ نے گندم جاری کرنے کی منظوری دے دی

وزیر خوراک پنجاب عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں گزشتہ 2 ماہ سے آٹے کا تھیلا 860 روپے پر رکھا جارہا ہے۔ آٹے کی کم قیمت کے لیے 1475 روپے فی من گندم دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سستے آٹے کے لیے ماہانہ سوا 5 ارب روپے کی سبسڈی دے رہی ہے۔ پنجاب میں 860 روپے میں ملنے والا آٹا کراچی میں 1400 روپے کا ہے۔دوسرے صوبوں کو گندم وآٹا جانے کے باعث صورتحال خراب ہوتی ہے۔


متعلقہ خبریں