انڈوں کی قیمت میں ہوشربا اضافہ

انڈے کی قیمت میں ہوشربا اضافہ

اسلام آباد: ملک بھر میں انڈوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے بعد روزمرہ استعمال کی شے لوگوں کی پہنچ سے دور ہوگئی ہے۔

ہم نیوز کے مطابق پندرہ روز میں انڈے کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوا ہے اور فی درجن انڈے 190 روپے تک فروخت ہونے لگے۔

شہر اقتدار اسلام آباد میں فی درجن انڈوں کی قیمت 125 روپے سے بڑھ کر کی قیمت 190 روپے تک پہنچ گئی ہے، جس کی وجہ سے پہلے سے مہنگائی کے مارے شہری سر پکڑ کر بیٹھ گئے ہیں۔

کراچی میں بھی ایک ہفتے میں پچاس روپے اضافہ کیساتھ فی درجن انڈے 170 روپے تک فروخت ہونے لگے ہیں۔ لاہورمیں پندرہ روز کے دوران فی درجن انڈے 23 روپے اضافے کے ساتھ 161 روپے تک پہنچ گئے۔

پشاور میں بھی فی درجن انڈوں کی قیمت 168 روپے اور دیسی مرغی کے انڈے ڈبل سنچری کراس کرکے 240 روپے میں فروخت ہونے لگے۔  ملتان میں فی درجن انڈوں کے نرخ 180 روپے تک پہنچ گئے۔

مزید پڑھیں: حکومتی ٹائی ٹینک مہنگائی کے سونامی میں غوطے کھا رہا ہے، سراج الحق

انڈے کی قیمتوں میں اچانک اضافے سے متعلق پولٹری ایسوسی ایشن کے صدر مشتاق اعوان کا کہنا ہے کہ فیڈ مہنگی ہونے اور کورونا کے باعث بریڈنگ صحیح نہ ہونے کے باعث انڈے مہنگے ہوئے ہیں۔

مرغیاں پالنے اور ملکی معیشت بہتر کرنے کی تجویز اپنی جگہ، مگر انڈوں کے نرخوں میں اچانک اضافے سے شہری بلبلا اٹھے ہیں۔

دوسری جانب  وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مہنگائی سے متعلق صورتحال خود مانیٹر کر رہا ہوں۔

آج وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ اجلاس میں ملک کی موجودہ سیاسی، سیکیورٹی صورتحال اور مہنگائی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

کابینہ اجلاس میں بجلی گیس وادویات کی بڑھتی قیمتوں پر بحث ہوئی اور متعدد وزرا نے مہنگائی پر اظہار تشویش کرتے ہوئے ہنگامی اقدامات لینے کا مطالبہ کیا۔

ذرائع کے مطابق وزیرمواصلات مراد سعید، وزیر ریلوے شیخ رشید اور فیصل واوڈا سمیت دیگر نے اجلاس کے دوران مہنگائی کا معاملہ اٹھایا۔

کابینہ ارکان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومتوں و ضلعی انتظامیہ کو اشیا کی دستیابی یقینی بنانا ہو گی۔

اس موقع ہر وزیراعظم نے مہنگائی میں کمی کیلئے ہنگامی اقدامات کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ حکومت جلد ایکشن پلان پرعملدرآمد شروع کرے گی۔


متعلقہ خبریں