افغان فوجی مرکز پر حملہ:چھ جاں بحق سات زخمی


کابل: افغان صوبہ ہلمند میں فوجی مرکز پر ہونے والے حملے میں چھ افراد جاں بحق، سات زخمی ہوگئے ہیں۔

آج صبح جنوبی صوبہ ہلمند کے ڈسٹرکٹ ناد علی میں واقع فوجی بیس کو نشانہ بنایا گیا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق حملے میں کم از کم چھ افراد جاں بحق جب کہ سات زخمی ہوئے ہیں۔ زخمی ہونے والوں میں فوجی اہلکاروں کے ساتھ عام شہری بھی شامل ہیں۔

افغانستان میں جنوبی کور کمانڈر کے ترجمان میجرعبدالقدیر بہادرزئی نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہرکیا ہے۔

صوبہ ہلمند میں فوجی بیس کو نشانہ بنانے کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔

طالبان نےتین دن قبل جاری کیے گئے پیغام میں اپنی موسم بہارکی سالانہ جنگی مہم کے آغاز کا اعلان کیا تھا۔

بدھ کے روز جاری کیے گئے بیان میں طالبان کا کہنا تھا کہ انہوں نے ‘الخندق’ کا آغاز کر دیا ہے۔ ‘الخندق’کے تحت امریکی حملہ آوروں اور حامیوں پرحملے کرکے ان کا قلع قمع کیا جائے گا۔

یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب سیکیورٹی فورسز پرمسلسل حملےہو رہے ہیں۔

رواں ماہ میں  بم دھماکوں اور حملوں کی نئی لہر کا افغانستان میں آغاز ہوا ہے جس میں فوج اور پولیس کوبطورخاص نشانہ بنایا جا رہا ہے۔


متعلقہ خبریں