مولاناعادل پر حملے سے قبل ملزمان دارالعلوم کے سامنے دیکھے گئے



کراچی: مولاناعادل پر حملے سے قبل کی ویڈیو منظر عام پر آگئی ہے جس میں مبینہ ملزمان نے سیاہ اور ہرے رنگ کے کپڑے پہن رکھے تھے۔

ہم نیوز کو موصول ہونے والی ویڈیو کے مطابق مولانا عادل کی گاڑی کو دارالعلوم آتے دیکھا جاسکتا ہے۔ حملے سے قبل مبینہ ملزمان نے مولانا کی گاڑی کا تعاقب کیا تھا۔

مولانا عادل کی آمد کے وقت مبینہ ملزمان دارالعلوم کے اطراف نظر آئے تھے۔ ملزمان موٹر سائیکل خراب ہونے کا بہانا بنا کر رانگ وے بھی آئے تھے۔

رانگ وے پر ایک مبینہ ملزم موٹرسائیکل پر اور دوسراپیدل چلتا ہوا آیا۔ مبینہ ملزمان نے دارالعلوم کے دروازے پر جائزہ لیا اور موٹر سائیکل پرروانہ ہوئے۔

مولانا عادل کی روانگی کے وقت بھی مبینہ ملزمان تعاقب کرتے نظر آئے۔ سی ٹی ڈی ذرائع کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی شناخت کا عمل جاری ہے۔

یاد رہے کہ ڈاکٹر مولانا عادل خان کو کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی جانب سے نشانہ بنایا گیا تھا جس میں جامعہ فاروقیہ کے مہتمم مولانا عادل خان اور ان کے ڈرائیور شہید ہو گئے تھے۔

مقتولین کا مقدمہ ایس ایچ او شاہ فیصل تھانے کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ مقدمے میں قتل اور انسداد دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ 3 ملزمان جن میں سے ایک نے شلوار قمیض اور 2 نے پینٹ شرٹ پہن رکھی تھی۔ انہوں نے پستول سے فائرنگ کی اور موٹرسائیکل پر بیٹھ کر فرار ہو گئے۔ متن کے مطابق جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم گولیوں کے 5 خول ملے تھے۔

 


متعلقہ خبریں