مصباح الحق چیف سلیکٹر کے عہدے سے مستعفی



لاہور: مصباح الحق قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر کے عہدے سے مستعفی ہوگئے ہیں۔ 

ذرائع کے مطابق مصباح الحق پرایک عہدہ چھوڑنے کا دباؤ تھا۔ انہوں نے2019 میں چیف سلیکٹر کاعہدہ سنبھالا تھا۔

پریس کانفرنس کے دوران ان کا کہنا تھا کہ عہدہ چھوڑنے کا فیصلہ میرا ذاتی ہے اور پی سی بی کو بھی آگاہ کردیا ہے۔

مصباح نے کہا کہ جوبھی آئےگا اس کے ساتھ اچھا کام کریں گے۔ چیف سلیکٹرکی ذمہ داری 30 نومبرتک نبھاؤں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کے حوالے سے فوکس کرنا ہے۔ مجھے ٹیم کوبہترسے بہتربنانا ہے۔ بطور کوچ میرا ٹارگٹ پاکستان کو ٹاپ تھری سائیڈز میں لانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو آئی سی سی ایونٹس جیتوانا چاہتا ہوں۔ آن فیلڈ انرجی زیادہ ضروری ہوتی ہے اور میں سمجھتا ہوں آن فیلڈ انرجی مجھ میں ہے اس لیے ہیڈ کوچ کا عہدہ چنا۔ مصباح الحق نے کہا کہ جیت ہار کی ذمہ داری میری ہے۔

گزشتہ سال سری لنکا کیساتھ ٹی20 سیریز اور آسٹریلیا سیریز میں قومی ٹیم کی انتہائی ناقص کارکردگی کے باعث بھی انہیں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

مصباح الحق نے گزشتہ برس چیف سلیکٹر کا عہدہ سنبھالا تھا اور ہیڈ کوچ کے فرائض بھی انجام دیتے رہے۔

ایک وقت میں 2 عہدے رکھنے پرانہیں کرکٹ کے مختلف حلقوں اور شائقین کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا۔ انگلینڈ ٹورمیں پاکستانی ٹیم کی خراب کارکردگی پر مصباح کی پرفارمنس پر بھی سوال اٹھنے لگے تھے۔

گزشتہ برس جب انہیں پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کے ساتھ چیف سلیکٹر کا عہدہ دیا گیا تو پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے اس کو ایک اچھا فیصلہ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ ایک ہی شخص کے پاس ذمہ داریاں ہوں گی تو خراب پرفارمنس پر ان ہی سے پوچھ گچھ کی جائے گی۔

کرکٹ کے معروف تجزیہ کار مرزا اقبال بیگ کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ مصباح الحق پر عہدہ چھوڑنے کا دباؤ تھا۔


متعلقہ خبریں