لاہور: پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹے میں عالمی وبا کورونا وائرس کے 6 مریض جاں بحق جب کہ 122 افراد متاثر ہوئے ہیں۔
وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے صوبے میں کورونا کی صورتحال سے متعلق بتایا ہے کہ پنجاب میں کورونا کے ایکٹو کیسزکی تعداد 1772 ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد ایک لاکھ 1 ہزار 14 ہے جب کہ وبا سے اب تک 2270 اموات ہو چکی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں صحت یاب مریضوں کی تعداد 96972 ہے جب کہ 24 گھنٹے میں 11072 ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔
#COVID_19 Cases in Pakistan and Punjab #PunjabCoronavirusUpdate pic.twitter.com/XTMKQgR8DP
— Health Department Punjab (@HealthPunjabGov) October 14, 2020
دوسری جانب وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ کورونا کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے، اسپتالوں میں بھی کورونا کے مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ہدایت پر کابینہ کمیٹی برائے انسداد کورونا کا اہم اجلاس ہوا جس میں کورونا کی دوسری لہر روکنے کیلئے حکومتی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں تعلیمی اداروں اور کاروباری مقامات پر ایس او پیز پر عملدر آمد سے متعلق صورتحال پر غور کیا گیا۔
اس موقع پر وزیر قانون راجہ بشارت نے کہا کہ شہریوں کی زندگی اورصحت سب سے پہلے عزیز ہے، ذمہ داری کا احساس کیا جائے اورعوام بھی احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں۔
انہوں نے کہا کہ اجتماعات سے کورونا کے پھیلا ؤ کا خدشہ ہے،انسداد کورونا کے ایس او پیز پر سختی سے عملدر آمد کرایا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ صوبے کے وسیع تر مفادمیں ہر ضروری اقدام اٹھائیں گے، حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ مرض کا پھیلاؤ روکنے کیلئے اقدامات کرے۔