اسپتالوں میں کورونا کے مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے، ڈاکٹر یاسمین راشد


لاہور: وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ کورونا کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے، اسپتالوں میں بھی کورونا کے مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ہدایت پر کابینہ کمیٹی برائے انسداد کورونا کا اہم اجلاس ہوا جس میں  کورونا کی دوسری لہر روکنے کیلئے حکومتی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں  تعلیمی اداروں اور کاروباری مقامات پر ایس او پیز پر عملدر آمد سے متعلق صورتحال پر غور کیا گیا۔

پنجاب: کورونا سے مزید 6 مریض جاں بحق، 122 متاثر

اس موقع پر وزیر قانون راجہ بشارت نے کہا کہ شہریوں کی زندگی اورصحت سب سے پہلے عزیز ہے، ذمہ داری کا احساس کیا جائے اورعوام بھی احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں۔

انہوں نے کہا کہ اجتماعات سے کورونا کے پھیلا ؤ کا خدشہ ہے،انسداد کورونا کے ایس او پیز پر سختی سے عملدر آمد کرایا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ صوبے کے وسیع تر مفادمیں ہر ضروری اقدام اٹھائیں گے، حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ مرض کا پھیلاؤ روکنے کیلئے اقدامات کرے۔

دوسری جانب پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹے میں عالمی وبا کورونا وائرس کے 6 مریض جاں بحق جب کہ 122 افراد متاثر ہوئے ہیں۔

وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے صوبے میں کورونا کی صورتحال سے متعلق بتایا ہے کہ پنجاب میں کورونا کے ایکٹو کیسزکی تعداد 1772 ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد ایک لاکھ 1 ہزار 14 ہے جب کہ وبا سے اب تک 2270 اموات ہو چکی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں صحت یاب مریضوں کی تعداد 96972 ہے جب کہ 24 گھنٹے میں 11072 ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔


متعلقہ خبریں