پنجاب کے 2 وزرا کورونا میں مبتلا

پنجاب کے 2 وزرا کورونا میں مبتلا

لاہور: پنجاب کے دو وزرا وزیر زراعت حسین جہانیاں گردیزی اور وزیر صعنت و پیداوار میاں اسلم اقبال کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا۔

ترجمان کے مطابق صوبائی وزیر حسین جہانیاں گردیزی کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد آئیسولیشن میں ہیں جبکہ انہوں نے کورونا سے صحت یابی تک تمام عوامی سرگرمیاں منسوخ کر دی ہیں۔

پنجاب کے وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال بھی کورونا میں مبتلا ہو گئے اور انہوں نے خود کو گھر میں قرنطینہ کر لیا ہے۔ وزیر صنعت و تجارت کی طبیعت گزشتہ شام کو خراب ہوئی تھی۔

گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران پاکستان میں کورونا وائرس کے 755نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور متاثر ہونے والوں کی مجموعی تعداد 3لاکھ 21ہزار218 ہوگئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کیے گئے تازہ اعدادوشمار کے مطابق24گھنٹے کے دوران کورونا سے مزید 13 افراد جاں بحق اور مرنے والوں کی مجموعی تعداد6 ہزار 614 ہوگئی ہے۔

پاکستان میں 3 لاکھ 5 ہزار 398 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں اور ایکٹیو کیسز کی تعداد 9 ہزار 209 ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایس او پیز پر عمل نہ ہوا تو ہمیں سخت اقدامات کرنا ہوں گے، اسد عمر

گزشتہ روز وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ کورونا کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے اوراسپتالوں میں بھی کورونا کے مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے۔

دوسری جانب پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹے میں عالمی وبا کورونا وائرس کے 6 مریض جاں بحق جب کہ 122 افراد متاثر ہوئے ہیں۔


متعلقہ خبریں