کورونا کی دوسری لہر، فرانس کے 9 شہروں میں کرفیو لگانے کا اعلان


پیرس: فرانس میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کے باعث 9 شہروں میں رات کا کرفیو نافذ کرنے کا اعلان کر دیا گیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق پیرس سمیت فرانس کے 9 شہریوں میں رات 9 بجے سے صبح 6 بجے تک شہریوں کو گھروں سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں ہو گی۔

فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون نے اعلان کیا کہ کرفیو ہفتے سے نافذ کر دیا جائے گا۔

فرانس میں صحت کی ہنگامی صورتحال کا بھی اعلان کر دیا گیا جبکہ جرمنی میں نئے اقدامات کے مطابق نجی محفلوں میں زیادہ سے زیادہ 10 لوگوں کے اکٹھے ہونے کی اجازت ہو گی۔

نیدرلینڈز میں بھی جزوی لاک ڈاؤن لگایا گیا ہے جس میں کیفے اور ریستوران بند رہیں گے۔

اس سے قبل اسپین نے بھی کورونا وائرس پھیلنے کے خدشے کے پیش نظر آج سے 15 روز کے لیے ریستوران بند رکھنے کا اعلان کیا تھا جبکہ طلبا میں وبا پھیلنے سے بچنے کے لیے ایک بار پھر اسکول بند کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔

آئر لینڈ میں بھی لوگوں کو ایک دوسرے کے گھر جانے اور ملاقاتوں پر پابندی کا اعلان کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا ویکسین کے باعث رضا کار عجیب و غریب بیماری میں مبتلا

واضح رہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس کے سبب دنیا میں 3 کروڑ 87 لاکھ 43 ہزار سے زائد افراد متاثر اور 10 لاکھ 96 ہزار سے زائد اموات ہو چکی ہیں۔

کورونا سے صحتیاب افراد کی تعداد 2 کروڑ 91 لاکھ 23 ہزار 542 ہو گئی اور 85 لاکھ 23 ہزار 446 ایکٹیو کیسزہیں۔


متعلقہ خبریں