شہباز شریف کیخلاف 12 پلاٹس کی تحقیقات، نیب کو ثبوت نہیں ملے

فائل فوٹو


لاہور: قومی احتساب بیورو (نیب) کو 12 پلاٹس کی تحقیقات میں شہباز شریف کے ملوث ہونے کے ثبوت نہیں ملے۔

احتساب عدالت لاہور میں مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کے خلاف نیب نے 12 پلاٹس کی انکوائری بند کرنے کا ریفرنس فائل کر دیا گیا۔

ریفرنس میں نیب نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ایل ڈی اے بلڈنگ میں آتشزدگی کے باعث تمام ریکارڈ جل کر خاکستر ہو چکا ہے اور شہباز شریف پر جو الزامات لگائے گئے تھے وہ تلاش نہیں کیے جا سکتے۔

ریفرنس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ شہباز شریف کے ملوث ہونے کے کوئی شواہد نہیں ملے جبکہ تحقیقات میں نامزد عطااللہ اور میاں رضا وفات پا چکے ہیں۔

دوسری جانب احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو پیش ہونے کے لیے مزید ایک ماہ کی مہلت دے دی۔

احتساب عدالت لاہور میں سابق وزیرا عظم نواز شریف کو اشتہاری قرار دینے سے متعلق پیش رفت رپورٹ پیش کی گئی۔ جس میں کہا گیا کہ ملزم نواز شریف کی لندن رہائش گاہ پر 9 اکتوبر کو اشتہار وصول کروائے گئے۔

یہ بھی پڑھیں: شریف خاندان کی اربوں روپے کی کرپشن کے ثبوت سامنے آ گئے، شہزاد اکبر

رپورٹ میں بتایا گیا کہ نواز شریف کی رہائش گاہ پر استقبالیہ عملے نے اشتہار وصول کرنے سے انکار کیا تاہم نواز شریف کی ماڈل ٹاوَن اور رائیونڈ کی رہائشگاہ پر بھی اشتہارات آویزاں کر دیے گئے ہیں۔


متعلقہ خبریں