تھانہ بنی گالہ کی حدود میں ڈکیتی، مسلح ملزمان لاکھوں روپے نقدی لے کر فرار

تھانہ بنی گالہ کی حدود میں ڈکیتی، مسلح ملزمان لاکھوں روپے نقدی لے کر فرار

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے تھانہ بنی گالہ کی حدود میں دن دیہاڑے ڈکیتی کی واردات کے دوران دو مسلح ملزمان ماربل شاپ سے لاکھوں روپے نقدی لے کر فرار ہوگئے۔

سی سی ٹی وی فوٹیج میں موٹر سائیکل پر سوار مسلح ملزمان م کو ماربل شاپ میں گھس کر اسلحہ کے زور پر دوکاندار  سے پیسے چھینتے دیکھا جاسکتا ہے۔ واردات کے دوران ملزمان شاپ کیپر وحید الرحمان کو حراساں بھی کرتے رہے جبکہ وہ ڈاکوؤں کی منت سماجت کرتا رہا۔

ڈاکو تسلی سے دو لاکھ نوے ہزار روپے اور قیمتی موبائل فونز لے کر موٹر سائیکل پر فرار ہوگئے۔ واضح تصاویر اور سی سی ٹی وی فوٹیج کے باجود اسلام آباد پولیس ملزمان کو گرفتار کرنے میں ناکام ہوگئی ہے۔

پولیس کے مطابق ڈکیتی کی واردات کا مقدمہ تھانہ بنی گالہ میں درج کرلیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ چار اکتوبر اسلام آباد کے تھانہ آبپارہ کی حدود میں دن دیہاڑے ڈکیتی کی واردات  کے دوران ملزمان جنرل اسٹور سے نقدی لوٹ کر فرار ہو گئے تھے۔

ہم نیوز کے مطابق اسلام آباد سیکٹر جی سکس میں کوآپریٹویو مارکیٹ بازار میں جنرل اسٹور میں دو ملزمان نے ڈکیتی کی تھی۔

عینی شاہدین کے مطابق دونوں ڈکیت ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے تھے۔ تھانہ آبپارہ کی پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس کا کہنا تھا کہ تفتیش جاری ہے، ملزمان کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: اسلام آباد میں نیب افسر کے گھر ڈکیتی

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے تھانہ آئی نائن کے علاقے میں نیب راولپنڈی کے ڈپٹی ڈائریکٹر سلمان اکبر کے گھر ڈکیتی کی واردات ہوئی تھی۔

ہم نیوز کے مطابق 4 مسلح افراد گزشتہ رات گھر کی کھڑ کی توڑ کر داخل ہوئے اور طلائی زیورات اور نقدی لے کر فرار ہو گئے تھے۔ مزاحمت پر ڈپٹی ڈائریکٹر کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا گیا تھا۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں اسلام آباد میں بڑھتے ہوئے جرائم کے پیش نظر امریکی سفارتخانے نے اپنے شہریوں کے لیے ایڈوائزری جاری کی تھی۔

امریکی سفارتخانے کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں اسٹریٹ کرائم کی شرح بڑھ گئی ہے۔ اسٹریٹ کرائمز کے زیادہ واقعات سیکٹر جی سکس، سیون، ایف سکس، سیون اور ایف ٹین میں ہو رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں