پی ڈی ایم کا جلسہ: لاہور میں راستوں کی بندش کا پلان جاری

پی ڈی ایم کا جلسہ گوجرانوالہ، لاہور میں ن لیگی رہنماؤں کیخلاف مقدمہ درج

فائل فوٹو


گوجرانوالہ میں پی ڈی ایم کے جلسے کے موقع پرلاہور سٹی ٹریفک پولیس نے ٹریفک ایڈوائزری پلان جاری کر دیا ہے۔

پلان کے مطابق شریف میڈیکل سٹی روڈ کومل پلی تا اڈا پلاٹ تک عام ٹریفک کیلئے بند رکھا جائے گا۔ رنگ روڈ اڈا پلاٹ سے نیازی شہید چوک تک حالات کو مدنظر رکھتے ہوئےبند کیا جائے گا۔

جی ٹی روڈ ٹمبر مارکیٹ راوی روڈ سے امامیہ کالونی پھاٹک تک ریلی کے وقت عام ٹریفک کیلئے بند ہوگی۔

لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں مسلم لیگ کے سیکریٹریٹ کو سیل کردیا گیا ہے۔ ماڈل ٹاؤن 180 ایچ کو کنٹینر لگا کر بند کردیا گیا ہے جس کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

ن لیگ کی نائب صدرمریم نواز اور پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان قافلوں کے ہمراہ گوجرانوالہ پہنچیں گے۔ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری لالہ موسیٰ سے ریلی کے ساتھ جلسہ گاہ پہنچیں گے۔

مولانا فضل الرحمان نے پی ڈی ایم کی قیادت کے ساتھ پلان فائنل کرلیا۔ حزب اختلاف کا کہنا ہےکارکنوں کو روکا گیا تو حالات خراب ہونے کی ذمہ دار حکومت ہوگی۔ 

یہ بھی پڑھیں: پی ڈی ایم کا پہلا پاور شو آج ہوگا

مریم اورنگزیب نے ہم نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت راستے بند کر کے عوام پر ظلم کر رہی ہے اور مریضوں کے اسپتال پہنچنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت ہمارا راستہ نہیں روک سکتی اور آج عوام کا سمندر سب دیکھیں گے۔

پولیس کی جانب سے جناح اسٹیڈیم کے مین گیٹ کو فی الحال بند کر دیا گیا تاہم جلسے کے وقت صرف سیاسی قائدین کیلئے کھولا جائے گا۔

جاتی امرا کے باہر ن لیگی کارکنوں کی بڑی تعداد پہنچنا شروع ہوگئی ہے اور بکروں کا صدقہ بھی دیا گیا ہے۔

جلسہ دوپہر تین بجے شروع ہوگا اور رات بارہ بجے تک اسے ختم کرنا ہوگا۔ گوجرانوالہ کے جناح اسٹیڈیم میں پی ڈی ایم کی قیادت کیلئے80 فٹ  لمبا 24 فٹ چوڑا اسٹیج تیار کیا گیا ہے۔ جناح اسٹیڈیم6 ایکڑ پر محیط  ہے اور اس میں 35 ہزار افراد کی گنجائش ہے۔


متعلقہ خبریں