مکس اچار پارٹی کا جلسہ بری طرح فلاپ ہوگا، فیاض چوہان

فائل فوٹو


لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ گیارہ مصالحوں پر مشتمل مکس اچار پارٹی کا پہلا جلسہ آج بری طرح فلاپ ہو گا۔

فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ عوام اور ان پارٹیوں کے کارکنان جھوٹ سچ میں فرق کرنا اچھی طرح جانتے ہیں، عوام عدالتی فیصلوں پر انہیں کندھا فراہم نہیں کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: گوجرانوالہ جسلہ: پی ڈی ایم کا پہلا پاور شو آج ہوگا

انہوں نے کہا کہ آج عوام کی جانب سے گوجرانوالہ جلسے میں دلچسپی نہ ہونے کے برابر ہے۔ ان جماعتوں کو چند ہزار افراد اکٹھے کرنے میں ناکامی و نامرادی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

وزیر اطلاعات پنجاب کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان کی تعمیر و ترقی اور معیشت کی بحالی کا سفر جاری رہے گا۔

دوسری جانب پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ(پی ڈی ایم) کا پہلا جلسہ آج گوجرانوالہ میں ہوگا جس کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔

مولانا فضل الرحمان نے پی ڈی ایم کی قیادت کے ساتھ پلان فائنل کرلیا۔ حزب اختلاف کا کہنا ہےکارکنوں کو روکا گیا تو حالات خراب ہونے کی ذمہ دار حکومت ہوگی۔

ن لیگ کی نائب صدرمریم نواز اور پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان قافلوں کے ہمراہ گوجرانوالہ پہنچیں گے۔ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری لالہ موسیٰ سے ریلی کے ساتھ جلسہ گاہ پہنچیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ڈی ایم کا جلسہ: بغیر ماسک اور سینیٹائزر جلسہ گاہ میں جانے پر پابندی

جاتی امرا کے باہر ن لیگی کارکنوں کی بڑی تعداد پہنچنا شروع ہوگئی ہے اور بکروں کا صدقہ بھی دیا گیا ہے۔

جلسہ دوپہر تین بجے شروع ہوگا اور رات بارہ بجے تک اسے ختم کرنا ہوگا۔ گوجرانوالہ کے جناح اسٹیڈیم میں پی ڈی ایم کی قیادت کیلئے80 فٹ  لمبا 24 فٹ چوڑا اسٹیج تیار کیا گیا ہے۔ جناح اسٹیڈیم6 ایکڑ پر محیط  ہے اور اس میں 35 ہزار افراد کی گنجائش ہے۔


متعلقہ خبریں