سندھ کے جزائر پر آبادکاری کا منصوبہ: وفاق نے ٹینڈرز جاری کردیے

سندھ کے جزائر پر آبادکاری کا منصوبہ: وفاق نے ٹینڈرز جاری کردیے

فوٹو/فائل


اسلام آباد: سندھ کے جزائر پر آبادکاری کے  منصوبے سے متعلق وفاقی حکومت نے تیاری شروع کردی ہے۔ بنڈال جزیرے کی معاشی اور مارکیٹنگ اسٹڈی کے لئے ٹینڈرز جاری کردیے گئے ہیں۔

سندھ کے جزائر پر آبادکاری سے متعلق پاکستان آئی لینڈ ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے نام سے پیشکش  کا اشتہار شائع کردیا گیا ہے۔ بنڈال جزیرے کی ماسٹر پلاننگ اور دیگر خدمات کا ٹینڈر بھی جاری کردیا گیا ہے۔

اشتہارات میں مزید بتایا گیا ہے کہ وفاقی حکومت کا جزیرے کی  8 ہزار ایکڑ زمین پر تعمیرات  کا منصوبہ  ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قب؛ وزیر اعظم عمران خان نے گورنر سندھ عمران اسماعیل کو جزائر کا معاملہ سندھ حکومت کے ساتھ مل کر طے کرنے کی ہدایت کی تھی۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ بنڈل آئی لینڈ منصوبے سے سرمایہ کاری اور روزگار کے خاطر خواہ مواقع میسر ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: جزائر سے متعلق حکومت سندھ کا این او سی: وفاقی وزیر نے شیئر کردیا

وزیر اعظم سے ملاقات کے دوران گورنر سندھ نے کراچی ٹرانسفارمیشن پلان پر پیش رفت کے حوالے سے  وزیر اعظم کو تفصیلی بریفنگ دی تھی۔

دوسری جانب سندھ ہائی کورٹ میں صوبے کے 2 جزائر سے متعلق صدرارتی آرڈیننس کو چیلنج کر دیا گیا ہے۔

نمائندہ ہم نیوز کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں دائر کردہ درخواست کو سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے وفاقی اور صوبائی حکومت سمیت دیگر کو 23 اکتوبر تک کے لیے نوٹسز جاری کر دیے گئے ہیں۔

ایڈووکیٹ شہاب اوستو نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ صدارتی آرڈیننس غیر آئینی اور غیرقانونی ہے۔

گزشتہ روز پاکستان پیپلز پارٹی نے سندھ میں جزیروں کے حوالے سے صدارتی آرڈیننس کی منسوخی کے لیے قراردادیں قومی اسمبلی اور سینیٹ سیکرٹریٹ میں جمع کروائی تھیں۔

قرارداد کے متن میں کہا گیا تھا کہ پاکستان کے پانیوں اور حدود میں جزیروں کی ترقی اور منیجمنٹ کے لیے جاری صدارتی آرڈیننس نامنظور کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: سندھ میں جزائر کی ملکیت کا تنازع طول پکڑنے لگا

رکن قومی اسمبلی شازیہ مری کی طرف سے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کروائی گئی قرارداد پر 7 دیگر پی پی پی اراکین کے دستخط تھے۔

یاد رہے کہ صدراتی آرڈیننس 31 اگست کو جاری اور 2 ستمبر کو گزٹ آف پاکستان میں نوٹیفائی کیا گیا تھا۔


متعلقہ خبریں