مہنگائی کی شرح 9.20 فیصد ہو گئی، ادارہ شماریات


اسلام آباد: ادارہ شماریات کے مطابق ملک میں مہنگائی کی شرح 9 اعشاریہ 20 فیصد ہو گئی۔

ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق انڈہ، چکن، آٹا اور چینی سمیت 25 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے جبکہ پیاز، آلو، لہسن، دال چنا اور مسور سمیت 9 اشیا کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے۔

اس کے علاوہ 17 اشیا کی قیمتوں میں استحکام رہا جبکہ 16 اکتوبر کو اختتام پزیر ہفتے میں مہنگائی کی شرح گزشتہ ہفتے سے زائد رہی۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ ملک کے 17 مختلف شہروں میں 51 اشیا کی قیمتوں کا تقابلی جائزہ لیا گیا جبکہ 25 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ 9 اشیا کی قیمتوں میں استحکام بھی رہا۔

دو روز قبل مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کا کہنا تھا کہ ہمیں معاشی مشکلات وراثت میں ملی ہیں تاہم اب معیشت کی بہتری کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ڈالر سستا رکھ کر ملکی معیشت کو نقصان پہنچایا گیا، مشیر خزانہ

ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں ڈالر کو جان بوجھ کر سستا رکھا گیا جس کی وجہ سے ہماری معیشت کو نقصان ہوا۔ ڈالر سستا ہوا تو ہمارے ملک میں انگور سے لے کر ٹوتھ پیسٹ تک باہر سے منگوانا شروع ہوئے۔ ماضی میں ڈالر سستا کر کے اس کا فائدہ دوسرے ممالک کو پہنچایا گیا۔


متعلقہ خبریں